راجوری //راجوری میں شروع کی گئی ناجائز تجاوزات مخالف مہم میں آئندہ دنوں تیزی متوقع ہے ۔ضلع انتظامیہ نے اس سلسلے میں مین قصبہ میں تجارتی اور دیگر تعمیرات رکھنے والے 352افراد کے نام نوٹس جاری کرتے ہوئے انتباہ دیاکہ یاتو وہ اس ناجائز تجاوزات کو خود ہی ہٹادیں یاپھر کارروائی کیلئے تیار رہیں ۔باوثوق ذرائع نے کشمیرعظمیٰ کو بتایاکہ انتظامیہ خود کو بڑے پیمانے پر کارروائی کرنے کیلئے تیار کررہی ہے اور آئندہ دنوں پرانے اور مین قصبہ میں یہ مہم چلائی جائے گی ۔ذرائع کاکہناہے کہ بہت سی جگہوں پر ناجائز تجاوزات کھڑی کی گئی ہیں جس کی وجہ سے راستے تنگ ہوگئے ہیں اور لوگوں کو مشکلات کاسامناہے ۔ذرائع کاکہناہے کہ میونسپلٹی اور دیگر متعلقہ حکام کی طرف سے حال ہی میں بڑے پیمانے پر مشق کرکے ایسے 352افراد کی شناخت کی گئی ہے جنہوںنے غیر قانونی طور پر تجاوزات کھڑی کررکھی ہیں ۔ذرائع کاکہناہے کہ ان میں زیادہ تر تاجر ہیں جنہوںنے نکاسی کے نالوں کے اوپر دکانیں بنارکھی ہیں جس کی وجہ سے نکاسی کے نظام میں مشکلات کاسامناہے اورساتھ ہی مسافروں کو چلنے کاراستہ بھی نہیں ملتا۔ یہ سننے میں آیاہے کہ انتظامیہ چند دنوں میں مین قصبہ میں بڑے پیمانے پر کارروائی کرنے جارہی ہے جس سے قبل تمام ان تاجروں کو نوٹس جاری کردیاگیاہے جنہوںنے ناجائز تجاوزات کھڑی کررکھی ہیں ۔یہ نوٹس میونسپل کمیٹی راجوری نے اس کے ایڈمنسٹریٹر اے ڈی ڈی سی اے ایس چب کی قیادت میں جاری کئے ہیں ۔ایک سینئر افسر نے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایاکہ نوٹس جاری کردیئے گئے ہیں اور تاجروں کو خود ہی ناجائز تجاوزات کا ایک موقعہ فراہم کیاجارہاہے نہیں تو انتظامیہ کارروائی کرے گی ۔