عظمیٰ نیوزسروس
بڈگام//نابالغوں کے خلاف جنسی جرائم کے خلاف ایک بڑے فیصلے میں، بڈگام کی ایک عدالت نے جنسی جرائم سے بچوں کے تحفظ (پی او سی ایس او) ایکٹ کے تحت مجرم ٹھہرائے گئے ایک شخص کو 20سال کی سخت قید کی سزا سنائی ہے۔پولیس ترجمان نے ایک بیان میں کہاکہ بڈگام پولیس نے ایک نابالغ کے ساتھ جنسی زیادتی میں ملوث ایک ملزم کو سزا سنانے میں کامیابی حاصل کی ہے جس کی ایف آئی آر نمبر 55/2023 سیکشن 363، 376 آئی پی سی کے تحت پولس اسٹیشن چرار شریف میں پوکسوایکٹ کی دفعہ 4کے تحت درج کی گئی تھی۔بیان میں کہا گیا ہے کہ پیرکو پرنسپل سیشن جج، بڈگام نے سزا کی مقدار پر غور و خوض کے بعد مجرم زاہد احمد پرہ ولد مشتاق احمد پرہ، ساکن چرار شریف، جو سومو ڈرائیور کے طور پر کام کرتا تھا، کے خلاف سزا سنائی۔عدالت نے مجرم کو دفعہ 363 آئی پی سی کے تحت پانچ سال قید بامشقت اور 10 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی، دفعہ 376 آئی پی سی کے تحت بیس سال قید بامشقت اور 50 ہزار روپے جرمانہ اور پوکسو ایکٹ کی دفعہ 4کے تحت بیس سال قید بامشقت اور50ہزار روپے جرمانہ کی سزا سنائی۔جرمانے کی ادائیگی میں کوتاہی کی صورت میں مجرم کو چھ ماہ کی اضافی سادہ قید بھگتنا ہوگی۔بیان میں کہا گیا ہے کہ بڈگام پولیس نے جنسی جرائم کے متاثرین کے لیے انصاف کو یقینی بنانے اور خواتین اور بچوں کو نشانہ بنانے والے جرائم کے خلاف صفر رواداری برقرار رکھنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔