عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//نائب وزیر اعلیٰ مسٹر سریندر کمار چودھری نے کشمیر ڈویژن اور جموں ڈویژن کے بلند علاقوں میں ضروری خدمات کی بلا تعطل فراہمی اور اہم تنصیبات کے کام کو یقینی بنانے کیلئے کل سرینگر میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی ۔ میٹنگ میں میکنیکل اینڈ ہسپتال انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ ( ایم اینڈ ایچ ای ) کی مجموعی کارکردگی اور سخت سردی کے حالات ، خاص طور پر کشمیر وادی کے برفیلے علاقوں اور جموں کے بلند علاقوں میں چیلنجز سے نمٹنے کی تیاریوں کا جائیزہ لیا گیا ۔ انہوں نے متوقع شدید برفباری کیلئے تیاریوں کا جائیزہ لیتے ہوئے ڈیپارٹمنٹ کو ہائی ٹیک مشینری تعینات کرنے کی ہدایت دی اور برف سے متاثرہ علاقوں میں فوری ردِ عمل کی اہمیت پر زور دیا تا کہ بلا تعطل نقل و حرکت اور عوامی تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے ۔ انہوں نے محکموں کے درمیان بہتر رابطہ کاری اور شہریوں کیلئے بہتر نقل و حرکت کیلئے فوری اقدامات کی ہدایت دی تا کہ ان کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے ۔ انہوں نے کہا ’’ شدید برفباری کے دوران بلند علاقوں کی طرف غیر ضروری سفر سے گریز سمیت عوام کیلئے بروقت حفاظتی اقدامات کے حوالے سے ہدایات جاری کی جانی چاہئیں ۔ ‘‘ چودھری نے بنیادی ڈھانچے کے تحفظ اور بجلی ، پانی اور سڑک رابطوں جیسے ضروری خدمات کے فعال رہنے کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی دی ۔ نائب وزیر اعلیٰ نے حکام کو ہدایت دی کہ وہ موسم سے متعلق چیلنجز کیلئے بروقت اور موثر ردِ عمل کو ترجیح دیں اور ضروری تنصیبات کے معمول کے کام کو یقینی بنانے کیلئے عملے اور مشینری کو تیار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا ۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ وہ اہم راستوں بشمول بین الاضلعی شاہراہوں اور ہسپتالوں ، پاور گرڈز ، واٹر سپلائی سسٹمز اور فائر اینڈ ایمر جنسی سروسز تک جانے والی سڑکوں کی صفائی پر توجہ دیں ۔