فیاض بخاری
بارہمولہ//نئے سال کی آمد اور کرسمس تقریبات کے سلسلے میں گلمرگ میں سیاحوں کی تعداد میں قابل ذکر اضافہ دیکھنے میں مل رہا ہے۔ ملک کے مختلف حصوں اور بیرون ممالک سے سیاح کشمیر کے برف پوش مناظر کا لطف لینے کیلئے جوق در جوق واردِکشمیر ہورہے ہیں۔ تہواروں کے موسم نے سیاحت میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ حکام سیاحوں اور مقامی لوگوں دونوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑ رہے ہیں۔ تقریبات کیلئے محفوظ ماحول بنانے کیلئے سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔ اہم سیاحتی مقامات اور عوامی مقامات پر مقامی پولیس، نیم فوجی دستے اور اضافی سیکورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔سخت حفاظتی اقدامات کا مقصد سیاحوں کو یقین دلانا اور حفاظت سے متعلق خدشات کے بغیر تہوار کے موسم سے لطف اندوز ہونے کیلئے سازگار ماحول فراہم کرنا ہے۔ مقامی کاروبار، بشمول ہوٹل، ریستوراں اور دکانیں، سیاحوں کی بڑھتی ہوئی آمد کا خیرمقدم کر رہے ہیں کیونکہ اس سے خطے میں معاشی ترقی ہوتی ہے۔ سیاحت کا شعبہ، جسے ماضی میں مختلف عوامل کی وجہ سے دھچکا لگا، اب موجودہ مثبت رجحان سے فائدہ اٹھانے کا منتظر ہے۔سیاحتی سیکرٹری جموں و کشمیرسید عابد رشید شاہ نے خطے میں فروغ پذیر سیاحت پر اطمینان کا اظہار کیا اور بڑھتی ہوئی تعداد اور مثبت رجحانات کے پیش نظر موسم سرما کے کامیاب موسم کی توقع ظاہر کی۔شاہ نے غیر ملکی اور ملکی سیاحوں کی آمد میں قابل ذکر اضافے کو اجاگر کیا۔انہوں نے سیاحت کو بحال کرنے کا سہرا اسٹیک ہولڈروں کو دیا۔شاہ نے کہا’’تہوار کے موسم کے دوران گلمرگ اور پہلگام کی فروخت ہونے والی صورتحال موسم سرما کی سیاحت کے مثبت راستے کی نشاندہی کرتی ہے‘‘۔ عابد رشید شاہ نے یقین دلایاکہ سردیوں کے مہینے کشمیر کی سیاحتی صنعت کیلئے سود مند ثابت ہوں گے۔مقامی مہمان نوازی کی صنعت عروج پر ہے کیونکہ گلمرگ اور پہلگام میں ہوٹلوں، ریزورٹس اور گیسٹ ہاؤسز سیاحوں کی تعداد میں اضافے کو پورا کرنے کے لیے تیار ہیں۔ مختلف سرگرمیوں بشمول موسیقی کی تقاریب فائر کریکر شوز، نائٹ اسکیئنگ اور ٹارچ اسکیئنگ کا منصوبہ نئے سال کی شام کے لیے بنایا گیا ہے تاکہ سیاحوںکے تجربے کو مزید تقویت ملے۔ قابل ذکر کی بات یہ ہے کہ شہر ہ آفاق گلمرگ میں اس سال سیاحت میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے، جس نے تقریباً 15 لاکھ سیاحوں کو راغب کیا۔