سرینگر // فوج نے کہا ہے کہ شمالی کشمیر کو 2018میں پر امن رکھنا سیکورٹی فورسز کی سب سے بڑی کامیابی ہے۔ شریف آباد میں 15ویں کور کے کمانڈر لیفٹنٹ جنرل اے کے بھٹ کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ ہوئی جس میں جی او سی کلو فورس، آئی جی پی کشمیر اور فوج، پولیس و سی آر پی ایف کے اعلیٰ عہدیدار شریک ہوئے۔ اس موقعہ پر جنرل اے کے بھٹ نے مختلف فورسز ایجنسیز کے درمیان بہتر تال میل کی سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ سبھی سیکورٹی فورسز کی طرف سے پیشہ وارانہ بنیادوں پر اقدامات سے ہی2018میںشمالی کشمیر میں امن و استحکام حاصل کیا گیا۔انہوں نے کہا’’ مقامی نوجوانوں کی جنگجوتنظیموں میں بھرتی کو روکنے، مثبت انداز میں نوجوانوں کیساتھ رابطے، بلدیاتی اور پنچایتی انتخابات کے دوران کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آنا،نیز جنگجو مخالف آپریشنوں کے دوران کم سے کم شہریوں کی ہلاکتیں اور محدود طریقے سے جائیداد کا نقصان سال 2018 کے دوران سیکورٹی فورسز کی شمالی کشمیر میں سب سے بڑی کامیابی تصور کی جاسکتی ہے‘‘۔ انہوں نے کہا’’ بہترین سیکورٹی صورتحال نے نئے سال میں شمالی کشمیر کے عوام میں امید کی کرن جگادی ہے‘‘۔انہوں نے شمالی کشمیر میں تعینات مختلف سیکورٹی فورسز پر زور دیا کہ وہ حاصل کی گئی کامیابی کو آگے بڑھانے کا عمل جاری رکھ کر اس خطے میں امن اور استحکام کو مزید مضبوط کریں تاکہ عوام لوگوں کو دہشت سے پاک ماحول مہیا کرکے انہیں معمول کی زندگی بسر ہونے کا موقعہ فراہم ہوسکے۔ اس موقعہ پر انہوں نے پولیس و سی آر پی ایف کے جوانوں کو بہادی کی کارکردگی دکھانے پر انہیں تمغے پہنائے۔