سرینگر // وسندرا پاٹھک مسعودی نے یہاں جے اینڈ کے سٹیٹ کمیشن فارپروٹیکشن آف وومن اینڈ چائلڈ رائٹس( ایس سی پی ڈبلیو سی آر) کے چیئر پرسن کے طور پر عہدہ سنبھالا۔وسندرا کمیشن کی پانچویں چیئرپرسن ہوں گی۔وسندرا پاٹھک مسعودی سُپریم کورٹ آف انڈیا، جموں اینڈ کشمیر ہائی کورٹ، دہلی، پنجاب اور ہریانہ کی معروف وکیل بھی ہیں۔ان ریاستوں کے علاوہ وسندرا نے دیگر عدالتوں اور ٹربیونلز میں بھی اپنے فرائض انجام دیئے ہیں۔چارج سنبھالنے کے فوراً بعد چیئرپرسن نے کمیشن کے افسروں کے ساتھ ایک میٹنگ کی اور کمیشن کی کارکردگی کا جائیزہ لیا۔انہوں نے شکایات کے جلد نپٹار ے کی ضرورت پر زو ردیا۔ انہوں نے ملازمین سے کہا کہ وہ اپنی ذمہ داری لگن اور تندہی سے انجام دیں۔کمیشن کی سرگرمیوں کا خلاصہ پیش کرتے ہوئے کمیشن کے سیکرٹری لال چند نے کہا کہ ایس سی پی ڈبلیو سی آر تمام شراکت داروں کو خواتین اور بچوں کے حقوق سے متعلق جانکاری دینے کے لئے ورکشاپ ، سیمنار، قانونی جانکاری پروگرام منعقد کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے ازدواجی تنازعات، جہیز اور دیگر معاملات سے متعلق 197 معاملات کمیشن کے پاس التواء میں پڑے ہیں۔بعد میں وسندرا پاٹھک نے لل دید ہسپتال کا اچانک دورہ کیا اور وہاں مریضوں کو فراہم کی جارہی طبی سہولیات کا جائیزہ لیا۔ہسپتال میں صحت و صفائی کے فقدان پرتشویش کا اظہار کرتے ہوئے چیئرپرسن نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ ہسپتال میں صحت و صفائی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے اس موقعہ پر مریضوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے انہیں فراہم کی جارہی سہولیات کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔مریضوں، تیمارداروں اور طبی عملے نے چئیرپرسن کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔