سرینگر// سکولی تعلیم کے وزیر چودھری ذوالفقار علی نے کہا کہ حکومت ریاست میں ایک نئی تعلیمی پالیسی لانے پر غور کر رہی ہے جو سکولوں کے سلیبس اور پڑھانے کے طریقوں کو باقاعدہ بنائے گی ۔ ان باتوں کا اظہار وزیر نے ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں سیاحت کے وزیر تصدق مفتی ، سیکرٹری سکول ایجوکیشن فاروق شاہ ، ناظمِ تعلیم ، جوائینٹ ڈائریکٹر ایس آئی ای کشمیر ، پرنسپل ڈائیٹس و دیگر افسران موجود تھے ۔ وزیر نے کہا کہ اس پالیسی کے ذریعے مناسب نگرانی کا نظام قایم ہو گا جو نہ صرف تربیت فراہم کرنے والوں کی کارکردگی کا جائیزہ لے گا بلکہ طلاب کو مختلف تربیتی سہولیات کے فوائد کا بھی جائیزہ لے گا ۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ محکمہ تعلیم کے 24 ہزار سرکاری سکول ہیں جہاں 14 لاکھ طلاب اور دو لاکھ اساتذہ پڑھانے کیلئے مقرر ہیں ۔ وزیر نے ایک ایکسپرٹ کمیٹی کی تشکیل کی ہدایت دی جو بچوں کے سلیبس اور پڑھانے کے طور طریقوں کا جائیزہ لے گی ۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ جے کے بوس سلیبس کے حساب سے این سی ای آر ٹی کا طریقہ کار اپنا رہا ہے ۔ تصدق مفتی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کی مختلف مضامین میں کمزوری دور کرتے ہوئے انہیں بہتر بطریقے سے تعلیمی سہولیات فراہم کرنے کی اشد ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس عمل سے بہتر نتایج سامنے آ سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں این سی ای آر ٹی کو ایک مقدس کتاب کی طرح سمجھنا چاہئیے اور اُس پر سختی سے عمل کرنا چاہئیے ۔