میں ٹھیکیداروں کے ذریعے ڈرائیوروں اور کنڈیکٹروں کی فراہمی نجکاری کی ابتداء:قیوم وانیSRTC

سرینگر//سول سوسائٹی فورم نے ملازمین کو مابعد سبکدوشی کے مراعات سے محروم کرنے پرفکرمندی کااظہار کیا ہے۔ایک بیان میں فورم کے چیئرمین عبدالقیوم وانی نے جموں کشمیر اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے ملازمین کو مابعدسبکدوشی کے تمام مراعات دینے کی وکالت کی تاکہ ان کی روزی روٹی چلتی رہے ۔قیوم وانی نے ان ملازمین کے جموں اور سرینگرمیں احتجاج کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مابعد سبکدوشی کے مراعات دینے کا مطالبہ کرنا بلاجوازنہیں ہے اور ان کے اس مطالبے کو پورا کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ RTCکی نئی حاصل کی گئی بسوں کے لئے ڈرائیوروں اور کنڈیکٹروں کوبیرونی ٹھیکیداروں کے ذریعے کام پرلگانا ،اسٹیٹ روڑ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی نج کاری کا پہلا قدم ہے اور یہ یہاں کے بیروزگار نوجوانوں پر کلہاڑامارنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ ا ٓرٹی سی ملازمین گزشتہ چار ماہ سے تنخواہوں کے بغیر ہیں اور سبکدوش ہوئے ملازمین کو بھی مابعد سبکدوشی کے مراعات نہیں دی جارہی ہیں اور حکومت کو اس کی کوئی فکر نہیں ہے۔وانی نے کہا کہ حکومت نئی گاڑیوں کو خریدنے کیلئے کروڑوں روپے خرچ کررہی ہیں لیکن ملازمین کو تنخواہ دینے کیلئے اس کے پاس زر نہیں ہے۔