راجوری/ /تعمیرات عامہ کے وزیر نعیم اختر اور خوراک ، شہری رسدات اور امور صارفین و قبائلی امور کے وزیر چودھری ذوالفقار علی نے حلقہ انتخاب درہا ل میں 130کلومیٹر لمبی سڑک پر میکڈم بچھانے کے کام کا آغاز کیا۔اس پروجیکٹ پر 75کروڑ روپے کی رقم خرچ کی جارہی ہے۔اس موقعہ پرکوترانکا میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے تعمیرات عامہ کے وزیر نے کہا کہ حکومت نے ریاست کے دور دراز دیہات کو سڑک رابطے فراہم کرنے کے لئے سینٹرل روڑ فنڈ ، پردھان منتری گرامین سڑک یوجنا اور نبارڈ جیسی سکیموں پر کام شدو مد سے جاری رکھا ہے۔عوامی مطالبات کے ردِّعمل میں وزیر نے کہا کہ پی ایم جی ایس وائی ڈویژن بدھل میں موجودہ مالی سال کے دوران 800کلومیٹر سڑک مکمل کی جائے گی۔وزیر نے اس موقعہ پر کھاہ ۔کھانہ ریاںسڑک کے لئے 12کروڑ روپے اور دلہیری پل کے لئے 4کروڑ روپے کی منظوری دی۔چودھری ذوالفقار نے کہا کہ حکومت دور افتادہ علاقوں میں رہنے والے لوگوں کے مسائل سے واقف ہے اور وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی بذات خود ریاست کی ان علاقوں کا دورہ کر رہی ہے ۔