سر ی نگر//فوڈ سیفٹی افسران کی ایک ٹیم نے اسسٹنٹ کمشنر فوڈ سیفٹی سری نگر کی سربراہی میں سری نگر شہر کے مختلف کالجوں اور یتیم خانوں کے ہوسٹلوں اور میسوں کا معائینہ کیا ۔ٹیم نے اشیائے خوردنی اور صحت و صفائی کے معیار کی جانچ عمل میں لائی۔اِن اداروں میں گورنمنٹ میڈیکل کالج سری نگر، گورنمنٹ ڈینٹل کالج سری نگر اور جموں اینڈ کشمیر یتیم خانہ بمنہ سری نگر کے گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ شعبے شامل تھے۔ معائینے کے دوران پوسٹ گریجویٹ میڈیکل کالج ، جی ایم سی سری نگر کے میسوں میں صحت و صفائی کا فقدان پایا گیا ۔اس کے علاوہ اِن اداروں کے ورکر بغیر وردی پائے گئے۔اس صورتحال کے مدنظر اِن اداروں کو سر بمہر کیا گیا۔اس کے علاوہ گورنمنٹ ڈینٹل کالج ہوسٹل اور انڈر گریجویٹ شعبے کا باورچی خانہ اور سٹور میں بھی صفائی کا فقدان پایا گیا۔ٹیم نے جموں اینڈ کشمیر یتیم خانہ بمنہ سری نگر کا بھی معائینہ کیا اور وہاں یتیم خانہ کے بچوں کو فراہم کئے جارہے اشیائے خوردنی کے معیار کی جانچ کی گئی ۔ٹیم نے اِ س ادارے کی کارکردگی تسلی بخش پائی ۔کمشنر ایف ڈی اے نے فوڈ سیفٹی تنظیم کے افسران کو ہدایت دی کہ وہ مختلف اداروں کے معائینوں کا سلسلہ جاری رکھے اور وہاں صحت و صفائی کو قائم رکھنے کو یقینی بنائیں۔