میڈیکل بلاک کرالہ پورہ کے ہسپتالوں میں عملہ کی کمی | 90ہزار کی آ بادی کیلئے ڈاکٹر وں کی33اسامیاں منظور،14ہی دستیاب

اشرف چراغ

کپوارہ// کپوارہ کے کرالہ پورہ میڈیکل بلاک کے ہسپتالو ں کاحال بے حال ہے، جس کی وجہ سے کثیر آ بادی کو مشکلات کا سامناہے ۔ میڈیکل بلاک کرالہ پورہ میں 1سب ضلع اسپتال کے علاوہ 2پرائمری ہیلتھ سنٹر جن میں پنزگام اور ہرے شامل ہیں،2نیو ٹائپ پرائمری ہیلتھ سینٹر کیرن اور بڈنمل ،1ایلو پیتھک ڈسپنسری گزریال کے علاوہ 25سب سنٹر اور فسٹ ایڈسینٹر قائم ہیں لیکن کسی بھی اسپتال میں بہتر طبی سہولیات دستیاب نہیں ہیں ۔میڈیکل بلاک کرالہ پورہ میں ڈاکٹر وں کی 33اسامیاں ہیں جن میں اس وقت محض 14ڈاکٹر تعینات ہیں جبکہ 19اسامیا ں خالی ہیں ۔مقامی لوگو ں کاکہناہے کہ کرالہ پورہ تحصیل کی 90ہزار آ بادی کے لئے 14ڈاکٹر ناکافی ہیں ۔صورتحال کا اندازہ اس بات سے لگایاجاسکتاہے کہ تحصیل کرالہ پورہ کے متعدد گائو ں کے لئے واحد سب ضلع ہسپتال کرالہ پورہ میں بھی ڈاکٹروں کی عدم دستیابی کی وجہ سے مریضوں کو زبر دست مشکلا ت سے گزر ناپڑتا ہے ۔اس ہسپتال میں 11ڈاکٹرو ں کی اسا میا ں ہیں لیکن اس وقت محض 4ڈاکٹر تعینات ہیں جبکہ 7اسامیا ں خالی پڑی ہیں ۔مقامی لوگو ں کاکہناہے کہ 4ماہ قبل ماہر امراض خواتین ڈاکٹر سبکدوش ہوئے لیکن آج تک کسی دوسرے ڈاکٹر کو تعینات نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے یہ شعبہ بری طرح سے متاثر ہے جبکہ ہسپتال میںماہر امراض اطفال اور جو ڑ وں و ہڈیوں کے ڈاکٹر بھی تعینات نہیں ہیں ۔مقامی لوگو ں کاکہناہے کہ ہسپتال میں طبی سہویات کااس قدر فقدان ہے کہ کسی حادثہ کے بعد یہا ں علاج کے بجائے زخمیو ں کو رخصت کر کے دیگر اسپتالو ںکو منتقل کیاجاتاہے ۔ہسپتال میں نیم طبی عملہ کی25اسامیا ں خالی پڑی ہیں ۔ اسی طرح پرائمری ہیلتھ سینٹر پنزگام میں ڈاکٹرو ں کے دو پو سٹ ہیں لیکن ایک ہی تعینات ہے اور ایک خالی ہے ۔سرحدی علاقہ کیرن میں قائم ہیلتھ سینٹر میں ڈاکٹرو ں کی منظور شدہ 3اسامیا ں ہیں لیکن محض 1ڈاکٹر تعینات ہے ۔کیرن کے لوگو ں کاکہناہے کہ یہ علاقہ بھاری برف باری کے بعد ضلع صدر مقام سے کٹ کر رہ جاتاہے اور اس ہسپتال میں ماہرامراض خواتین ڈاکٹر کی ضرورت ہے ۔مقامی لوگو ں کاکہناہے کہ بھاری برف باری کی وجہ سے سڑک بندرہنے کے بعد تک متعدد حاملہ خواتین موت کی آغوش میں چلی گئیں کیونکہ ان کو بر وقت علاج و معالجہ نہ مل سکا۔مقامی لوگو ں کا کہناہے کیرن ہیلتھ سینٹر میں ڈاکٹرو ں کی خالی پڑی دو اسامیو ں کو فوری طور پور کیاجائے اور اس ہسپتال میں ایک لیڈی ڈاکٹر کو بھی تعینات کیاجائے ۔میڈیکل بلاک کرالہ پورہ کے ساتھ ایک اور منسلک نیو ٹائپ پرائمری ہیلتھ سنٹر بڈنمل میں بھی کوئی ڈاکٹر تعینات نہیں ہے ۔اس اسپتال میں ڈاکٹر کی ایک اسامی ہے لیکن وہ بھی خالی پڑی ہے ۔یہ علاقہ موسم سرما میں بھاری برف باری سے ڈھکارہتاہے اور اس دوران یہا ں کی آبادی کو علاج کرانے کے لئے شدید مشکلات کا سامناکرنا پڑتاہیں ۔مقامی لوگو ں کاکہناہے کہ کئی سال قبل بڈنمبل کے سب سنٹر کو نیو ٹائپ پرائمری ہیلتھ سنٹر کادرجہ دیاگیالیکن یہا ں کے لوگو ں کو اس سے کوئی بھی فائدہ نہیں پہنچ پایااورلوگ پہلے جیسی صورتحال سے دو چار ہیں ۔اس حوالے سے بلاک میڈیکل آفسیر کرالہ پورہ ڈاکٹر جاوید احمد نے بتایا کہ انہو ں نے بلاک میں خالی پڑی ڈاکٹرو ں کی اسامیو ں اور نیم طبی عملہ کی اسامیو ں کے حوالے سے محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام کو ایک مکمل رپورٹ پیش کی تاکہ ڈاکٹروں کی کمی کو دور کیا جائے ۔