میڈیکل ایمپلائز فیڈریشن کا مطالبہ تسلیم کرنے کیلئے حکومت کو 1 ماہ کی مہلت

جموں// جے اینڈ کے میڈیکل ایمپلائز فیڈریشن (جے کے ایم ای ایف) نے حکومت کو ایک ماہ کا الٹی میٹم دیا ہے کہ وہ ڈپارٹمنٹل پروموشن کمیٹی کے اپنے دیرینہ مطالبات کو تسلیم کریں۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جے کے ایم ای ایف کے ارکان نے کہا کہ ان کی حکومت سے بات چیت ہوئی ہے جس کے بعد انہوں نے ایس آر او 20/ ڈی پی سی کے نفاذ کے مطالبے کو تسلیم کرنے کے لیے 15 دن کا وقت مانگا ہے۔انہوںنے کہا کہ آٹھ ماہ گزر جانے کے باوجود کچھ نہیں ہوا۔ ہم اپنے معاملے کو آگے بڑھا رہے ہیں، حکومت کے فیصلے کے بعد بھی ہماری ڈی پی سی نہیں کرائی گئی۔انہوں نے کہا کہ 3000 سے 4000 ملازمین ڈی پی سی کا انتظار کر رہے ہیں۔ اعلیٰ اسامیاں خالی ہیں اور اس وجہ سے ہسپتالوں میں کام مناسب افرادی قوت کے بغیر مشکلات کا شکار ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ‘‘بہت سے ملازمین ڈی پی سی کے انتظار میں ریٹائر ہو چکے ہیں۔ چونکہ حکومت ناکام ہو چکی ہے، ہم نے انہیں اپنے مطالبات تسلیم کرنے کے لیے ایک ماہ کی مہلت دینے کا فیصلہ کیا ہے اور اس کے بعد، ہم مزید لائحہ عمل تیار کریں گے۔‘‘