تھنہ منڈی//میونسپل کمیٹی تھنہ منڈی کے عارضی ملازمین نے تنخواہ نہ ملنے ودیگر مطالبات کو لے کر سب ڈویژنل مجسٹریٹ کے دفتر کے سامنے احتجاجی دھرنا دیا ۔احتجاج کر رہے ملازمین نے انتظامیہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ گزشتہ 17ماہ سے تنخواہ نہیں دی گئی ہے جس کی وجہ سے ان کو کئی طرح کی مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ تنخواہ نہ ملنے کی وجہ سے انہوں نے اپنے بچوں کی فیس بھی ابھی تک ادا نہیں کی ہے ۔مظاہرین نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ جن میونسپل حکام کےخلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے ان کےخلاف کو ئی کارروائی عمل میں نہیں لائی جارہی ہے جبکہ ان کی تنخواہ کو غیر ضروری طور پر بند کر دیا گیا ہے ۔ان عارضی ملازمین نے انتباہ دیتے ہوئے کہاکہ اگر ان کی تنخواہ جلداز جلد وگزار نہیں کی گئی تو وہ اپنے کنبہ کے دیگر افراد کےساتھ ایک بڑا احتجاج شروع کر دینگے ۔محمد شکور شیخ ،محمد موبین ،مشتاق احمد ،کبیر احمد ودیگران نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ میونسپل کمیٹی کے عارضی ملازمین کو غیر ضروری طور پر ہراساں کیا جارہاہے ۔اس دوران ایس ڈی ایم تھنہ منڈی ڈاکٹر محمد تنویر خان نے عارضی ملازمین کو یقین دلاتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ڈائر یکٹر اربن لوکل باڈیز جموں اور صدر میونسپل کمیٹی تھنہ منڈی کے علا وہ ایگزیکٹو آفیسر میو نسپل کمیٹی تھنہ منڈی کےساتھ فون پر رابطہ کر کے عارضی ملازمین کی تنخواہ وگزار کرنے کےلئے کہا ہے ،جس کے بعد ملازمین نے اپنا احتجاج ختم کر دیا۔