میونسپل حکام پر ناانصافی کا الزام

تھنہ منڈی // میونسپل کمیٹی تھنہ منڈی کے کئی عارضی ملازمین نے حکام پر ناانصافی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ مستحقین کونظرانداز کرکے منظور نظرافراد کو مستقل ملازمت کے دائرے میں لایاگیا ۔ محمد شکور ولد عبدالستار سکنہ تھنہ منڈی، محمد ریاض ولد حشمت سکنہ منگوٹہ،محمد مبین ولد عبدالقیوم سکنہ منیہال، محمد حسین ولد نور حسین سکنہ منگوٹہ، محمد کبیر ولد غلام حسین سکنہ ڈنہ و دیگران نے شکایت کرتے ہوئے بتایاکہ وہ پچھلے دس بارہ برس سے محکمہ میں عارضی ملازمین کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں لیکن انہیں آج تک مستقل نہیں کیاگیا اورا سکے برعکس ایسے افراد مستقل زمرے میں لائے گئے ہیں جو اس کے اہل نہیں تھے ۔انہوں نے بتایاکہ وہ ڈائریکٹر شہری ترقی جموں کی منظوری سے 2008میں تعینات ہوئے تھے اور پچھلے دس گیارہ سال سے اسی انتظار میں تھے کہ آج نہیں تو کل انہیں مستقل ملازمت کے دائرے میں لایاجائے گاتاہم جب مستقل کرنے کی بات آئی تو انہیں نظرانداز کرکے منظور نظر افراد کو فہرست میں شامل کرلیاگیا ۔انہوں نے کہاکہ ایسے افراد کو مستقل کیاگیاہے جو افسران کے رشتہ دار ہیں یا جن سے ان کاکوئی مفاد وابستہ ہے ۔ ان عارضی ملازمین نے کہاکہ اس طرح کی ناانصافی کو برداشت نہیں کیاجاسکتا اور وہ اس کے خلاف عدالت سے رجوع کریں گے ۔