مینڈھر ۔منکوٹ رابطہ سڑک کھڈوں میں تبدیل

مینڈھر //مینڈھر قصبہ سے منکوٹ جا رہی رابطہ سڑک گزشتہ کئی عرصہ سے خستہ حالی کا شکار ہے لیکن متعلقہ حکام کی جانب سے رابطہ سڑک کی مر مت کیلئے کوئی قدم نہیں اٹھایا گیا ہے ۔منکوٹ تحصیل کے مکینوں نے بتایا کہ سب ڈویژن ہیڈ کوارٹر سے تحصیل ہیڈ کوارٹر منکوٹ جارہی سڑک کی دیکھ ریکھ محکمہ گریف کے حوالے ہے لیکن گزشتہ کئی برسوں سے سڑک کو قابل آمد ورفت بنانے کیلئے محکمہ سنجیدہ نہیں ہے ۔انہوں نے بتایا کہ سڑک کو بہتر بنانے کی مانگ لے کر انہوں نے کئی مرتبہ محکمہ گریف و دیگر اعلیٰ آفیسران سے رجوع کیا ہے لیکن ابھی تک محکمہ اس سلسلہ میں سنجیدہ نہیں ہے ۔انہوں نے آفیسران کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ عام لوگوں کو یقین دہانیاں کروا کر واپس بھیج دیا جاتا رہا ہے لیکن برسوں بعد بھی نہ تو تار کول بچھائی جارہی ہے اور نہ ہی سڑک پر پڑے ہوئے کھڈوں کو ٹھیک کیا جارہا ہے ۔غور طلب ہے کہ مذکورہ سڑک مینڈھر سب ڈویژن کو جہاں ضلع ہیڈ کوارٹر پونچھ کیساتھ ملاقی ہے وہائیں سرحدی تحصیل منکوٹ کی وسیع آبادی کی آمد ورفت کا بھی واحد راستہ ہے ۔لوگوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ جلدازجلد رابطہ سڑک کی مرمت کروائی جائے ۔