مینڈھر ہسپتال میں بیہوشی کا ڈاکٹر کافی عرصہ سے تعینات نہیں

جاوید اقبال
مینڈھر //سب ڈسڑکٹ ہسپتال مینڈھر میں گزشتہ کئی ماہ سے بیہوشی کا ڈاکٹر تعینات نہ ہونے کی وجہ سے مریضوں بالخصوص حاملہ خواتین کر گور نمنٹ ڈگری کالج راجوری ،ضلع ہسپتال پونچھ ودیگر ہسپتالو ں میں در بدر ہونا پڑرہا ہے ۔سب ڈویژن سے منتخب ہوئے ضلع ترقیاتی کونسل اراکین ،بلاک ڈیولپمنٹ کونسل چیئر مین ،پنچایتی اراکین کیساتھ ساتھ مقامی معززین نے محکمہ صحت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ اس سے قبل ہسپتال میں گائنا کالوجسٹ اور سرجن ڈاکٹر تعینات ہی نہیں تھے لیکن اس عرصہ میں بیہوشی کے ڈاکٹر کی تعیناتی عمل میں لائی گئی تھی تاہم 2برسوں سے گائنا کالوجسٹ اور سرجن کو تعینات کیا گیا ہے لیکن بے ہوشی کے ڈاکٹر کو تبدیل کرنے کے بعد دوبارہ سے تعینات ہی نہیں کیا گیا ہے ۔منتخب نمائندوں نے انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ گزشتہ کئی عرصہ سے مذکورہ ڈاکٹرکی تعیناتی کیلئے اپیلیں کی جارہی ہیں لیکن حکام کی جانب سے کوئی قد م ہی نہیں اٹھایا جارہا ہے ۔مکینوں نے بتایا کہ محکمہ صحت نے عارضی بنیادوں پر مذکورہ کام کرنے کا عمل شروع کیا جس کے تحت چیف میڈیکل آفیسر پونچھ نے ایک حکم نامہ جاری کرتے ہوئے ایک ڈاکٹر کو ہفتے میں دو دن مینڈھر بھیجنے کا فیصلہ کیا تھا لیکن 2ماہ میں مذکورہ ڈاکٹر محض 1مرتبہ مینڈھر ہسپتال حاضر ہوا ہے ۔انہوں نے کہاکہ ڈاکٹرکی عدم دستیابی کی وجہ سے مریض دیگر ہسپتالوں میں در بدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ جلدازجلد مینڈھر ہسپتال میں بیہوشی کے ڈاکٹر کی تعیناتی عمل میں لائی جائے ۔