جاوید اقبال
مینڈھر //پہاڑی قبائل کے معززین کا مینڈھر ڈاک بنگلہ میں ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں بڑی تعداد میں لیڈران نے شرکت کی ۔پہاڑی قبائل کے سنیئر لیڈر مرتضی خان کی قیادت میں منعقدہ اجلاس کے دوران مقررین نے قبائل سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ مرکزی وزیر داخلہ کی 4اکتوبر کو راجوری میں ہونے والی ریلی میں زیادہ سے زیادہ تعداد میں شرکت کی جائے ۔انہوں نے کہاکہ پہاڑی قبائل گزشتہ کئی دہائیوں سے انصاف کی مانگ کررہے ہیں تاہم بھاجپا کی مرکزی حکومت واحد ایسی حکومت سے جس نے پہاڑیوں کو ان کا حق دینے کی یقین دہانی کروائی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ریلی میں شرکت کیلئے گاڑیوں کا بھی بندوبست کیاگیا ہے تاہم زیادہ سے زیادہ تعداد میں لوگوں کی شرکت کو یقینی بنایا جاسکے ۔اس اجلاس میں ممتاز خان ،وسیم احمد خان ،راجہ محمود خان ،سبکدوش پرنسپل ظفر قریشی ،ماسٹر غلام احمد خان ،طلعت سرور خان کے علاوہ کئی معززین نے شرکت کی ۔