مینڈھر میں پی ڈی پی کی الٹی گنتی شروع :جاوید رانا

مینڈھر//نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر و سابق ممبراسمبلی مینڈھر جاوید احمد رانانے کہاہے کہ مینڈھر میں پی ڈی پی کی الٹی گنتی شروع ہوگئی ہے اور اس پارٹی کا نام و نشان نابود ہوجائے گا۔سلانی میں ایک کارکنان کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے رانا نے کہاکہ عوام طاقت کا اصل سر چشمہ ہے اور حقیقی سرداری ہی عوام کے بنیادی حقوق میں شامل ہے ،انہی بنیادی اصول پر گامزن رہتے ہوئے شیرِ کشمیر شیخ محمد عبد اللہ نے اس وقت کی ظالم اور جابر طاقتوں سے دشمنی مول لیکر ریاستی عوام حقوق کی سربلندی کی خاطر ایک طویل جنگ لڑی تھی۔رانا نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کے تئیں ہمدردی میں روز افزوں اضافہ ہورہاہے اور مختلف سیاسی جماعتوں خاص طور پر پی ڈی پی سے درجنوں کارکنان این سی میں شامل ہورہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ مینڈھر میں بھی پی ڈی پی کی الٹی گنتی شروع ہو چکی ہے کیونکہ سردار عنایت اللہ خان کی شمولیت سے اس پارٹی کی جڑیں ہل گئی ہیںجو خطہ پیر پنچال میں پی ڈی پی کے بانی ممبر تھے ۔جاوید احمد رانا نے کہا کہ سردار عنایت اللہ خان اور ان کے حمایتیوں کا نیشنل کانفرنس میں شامل ہونا اس امر کی واضح دلیل ہے کہ اب پی ڈی پی کی جڑیںخطہ پیر پنچال خصوصاً اسمبلی حلقہ مینڈھر میں کھوکھلی ہو چکی ہیں ۔اس موقعہ پر سردار عنایت خان نے کہا کہ وہ جاوید احمد رانا کی قیادت اور سوچ سے متاثر ہوکر پارٹی میں شامل ہورہے ہیں۔انہوںنے کہا کہ ریاست میں آنے والا کل نیشنل کانفرنس کا ہے اور یہی وہ جماعت ہے جو ریاستی عوام کو بلا لحاظ رنگ و نسل متحد رکھ سکتی ہے اور یہی وجہ ہے کہ آج مختلف جماعتوں خصوصاً پی ڈی پی کے قدآور رہنما بھی پارٹی چھوڑ کر نیشنل کانفرنس میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں۔جاوید احمد رانا نے سلانی کی عوام یقین دلایا کہ اس پورے پسماندہ خطہ میں آباد عوام کی دشواریوں کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں پانی کا ایک ٹینکر دیاجائے گا۔اجلاس میںسرپنچ محمد خالد چوہان اور حاجی عبدالحمید بھی موجود تھے ۔