مینڈھر میں طوفانی بارش سے سیلابی صورتحال پیدا نکاسی نظام مفلوج ہونے سے پانی دکانوں میں داخل ہوگیا

جاوید اقبال

مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن میں گزشتہ روز ہو ئی شدید بارش کی وجہ سے جہاں عام زندگی متاثر ہو گئی وہائیں سب ڈویژن ہیڈ کوارٹر پر نکاسی نظام مکمل مفلوج ہونے کی وجہ سے قصبہ میں سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ۔اس دوران نالیاں مکمل طورپر بند ہو گئی اور نالیوں کا پانی گلیوں اور سڑک سے بہنا شروع ہو گیا جس کے دوران متعدد دکانوں و رہائشی گھروں میں نکاسی کا پانی داخل ہونے کی وجہ سے عام لوگ متاثر ہو گئے ۔تاجروں نے متعلقہ حکام کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ گزشتہ کئی برسوں سے قصبہ کا نکاسی نظام مفلوج ہوا ہے لیکن ابھی تک متعلقہ محکمہ اور مقامی انتظامیہ اس خستہ حال نکاسی نظام کو ٹھیک کرنے میں بُری طرح سے ناکام ہوا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ روز ہوئی بارش کی وجہ سے پانی دکانوں میں داخل ہونے کی وجہ سے ان کا شدید نقصان ہوا ہے ۔اسی دوران مینڈھر بائی پاس پل کے نزدیک پارک کی گئی ایک نجی گاڑی سیلابی پانی کی زد میں آگئی تاہم مقامی لوگوں کی کوششوں سے گاڑی کو دریا میں بہنے سے روک دیاگیا ۔