مینڈھر بس اسٹینڈ پر تعمیر مسافر شیڈ میں دکانداروں کا ساما ن جمع

مینڈھر//محکمہ دیہی ترقی کی طرف سے بس اسٹینڈمینڈھر پر مسافروں کے بیٹھنے کیلئے بنائے گئے شیڈ میں مقامی دکانداروں کی جانب سے سامان اور سبزیوں کی پیٹیاں جمع کی گئی ہیں جس کی وجہ سے مسافروں کو بیٹھنے کیلئے جگہ دستیاب نہیں ہے ۔مسافروں و مقامی لوگوں نے انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ محکمہ دیہی ترقی کی جانب سے لاکھوں روپے خرچ کر کے شیڈ تعمیر کیا گیا تھا جوکہ خستہ حالی کا شکار ہو چکا ہے ۔انہوں نے کہاکہ کئی بار مینڈھر انتظامیہ نے محکمہ دیہی ترقی کے اعلی افیسران کو شیڈ مسمار کرکے نیا شیڈ بنانے کیلئے کہا تاکہ اس میں مسافر وں کو سہولیات فراہم کی جائیں لیکن اس طرف کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہیں ۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ مینڈھر بس اسٹینڈ پر مسافروں کے بیٹھنے کیلئے نہ تو کوئی معقول بندوبست کیا گیا ہے اور نہ ہی پانی کی سہولیات میسر ہیں ۔کافی عرصہ قبل ایک واٹر کولر نصب کیا گیا تھا جس کا سامان چوری کرلیا گیا تھا اور اس کے بعد کوئی انتظام نہیں کیا گیا ۔ بیٹھنے کی جگہ نہ ہونے کی وجہ سے سکولی طلباء گاڑیوں کی انتظار کیلئے کئی گھنٹوں تک سڑک کے کنارے کھڑے رہتے ہیں۔مقامی لوگوں و معززین نے ضلع ترقیاتی کمشنر سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ مینڈھر بس اسٹینڈپر مسافروں کیلئے سہولیات دستیاب کروائی جائیں ۔