مینڈھر+پونچھ//پونچھ او ر مینڈھر کے مختلف سیکٹروں میں ہندوپاک افواج کے درمیان شدید گولہ باری اور فائرنگ کے نتیجہ میں ایک نوجوان زخمی ہواہے جبکہ متعدد مکانات کو جزوی طور پر نقصان پہنچاہے ۔سنیچر اور اتوار کی درمیانی رات اور اتوار کی صبح مینڈھر اور بالاکوٹ سیکٹروں میں شدید فائرنگ اور گولہ باری کاسلسلہ شروع ہواجس دوران آر پی جی مارٹرگولوں کا استعمال بھی کیا گیا ۔ بالاکوٹ سیکٹر میںر ات 11بجے سے ساڑھے 12بجے تک فائرنگ اور گولہ باری ہوئی جبکہ علی الصبح مینڈھر سیکٹر میں ساڑھے 3بجے سے ساڑھے 4بجے تک شدید گولہ باری کا تبادلہ ہواجس کی وجہ سے لوگ خوف میں سوبھی نہیں پائے ۔سرکاری ذرائع نے بتایاکہ کم سے کم پانچ گائوں اور بھارتی فوج کی چوکیاں پاکستانی فوج کی گولہ باری کی زد میں آئیں جس کے نتیجہ میں کئی گھروں کو جزوی طور پر نقصان پہنچا۔ا س دوران ایک نوجوان بھی زخمی ہواجسے علاج کیلئے ہسپتال منتقل کیاگیاہے ۔بلاک میڈیکل افسر مینڈھر ڈاکٹر پرویز احمد خان نے بتایاکہ زخمی شہری کی شناخت محمد یٰسین ولد محمد رشید ساکن گوہلد کے طور پر ہوئی ہے جس کی ٹانگ میں زخم آئے ہیں ۔انہوں نے بتایاکہ محکمہ صحت کی طرف سے زخمی شہری کو فائرنگ اور گولہ باری کی زد سے نکال کر مینڈھر ہسپتال پہنچایاجہاں اس کا علاج کیاجارہاہے ۔تحصیلدار مینڈھر نے زخمی نوجوان کی عیادت کرکے اسے 5ہزار روپے فراہم کئے ۔انہوں نے بتایاکہ مکانات کی تباہی کا جائزہ لیکر معاوضہ فراہم کیاجائے گا۔ذرائع نے بتایاکہ پاکستانی فوج کی طرف سے آر پی جی کا استعمال بھی کیاگیا اور تین مختلف مقامات سے کچھ ایسے شیل برآمد ہوئے ہیں جن کا استعمال اتوار کی صبح کیاگیاتھا۔وہیں پونچھ کے کھڑی کرماڑہ، دیگوار، قصبہ کیرنی اور بانڈی چچیاں میں سنیچر اور اتوار کی درمیانی رات شام 8 بجے سے صبح 8 بجے تک گولہ باری کا سلسلہ جاری رہا جس کی زد میں آکر کئی رہائشی مکانوں کا جزوی نقصان ہوا۔اس دوران کئی گولے لوگوں کی زمینوں میں بھی گرے۔ دفاعی ترجمان نے بتایا کہ پونچھ میں کھڑی کرماڑہ، دیگوار، قصبہ کیرنی اور بانڈی چچیاں میں پاکستانی فوج نے بلا اشتعال ہندوستان کی چوکیوں اور رہائشی علاقوں پر شدید گولہ باری اور چھوٹے ہتھیاروں سے فائرنگ شروع کر دی۔ انہوں نے بتایا کہ ہندوستانی فوج نے بھی بھرپور جوابی کارروائی کی اور طرفین کے درمیان گولہ باری کا تبادلہ صبح آٹھ بجے تک جاری رہا۔ انہوں نے بتایا کہ فائرنگ کے تبادلے میں کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں لیکن اس دوران کئی رہائشی مکانات کو نقصان پہنچاہے اور مویشیوں کے بھی زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔