سرینگر// مینڈھر ،ترال اور رام بن میں پیش آئے مختلف حادثات میں ایک کمسن بچے سمیت تین افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں ۔تفصیلات کے مطابق مینڈھر کے بھاٹی دھار علاقے میں ایک موٹرسائیکل حادثے کاشکار ہواجس کے نتیجہ میں 6بہنوں کا اکلوتا بھائی لقمہ اجل بناجبکہ ایک شخص زخمی ہواہے ۔ہلاک ہونے والے نوجوان کی شناخت ظہیر قریشی کے طور پر ہوئی ہے جو اپنے گھر سے موٹر سائیکل پر سوارہوکرایک نجی اکیڈمی میں بچوں کو پڑھانے کیلئے آرہا تھا ۔اس دوران اس کے ہمراہ مقبو ل حسین بھی موٹرسائیکل پر سوار تھا جو زخمی ہوااوراس کا سب ضلع ہسپتال مینڈھر میں علاج چل رہاہے ۔اس حادثے کے وقت ظہیر کے ساتھ ایک بچہ بھی تھاتاہم وہ بال بال بچ گیا۔عینی شاہدین کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب ظہیر قریشی بھا ٹی دھار علاقہ سے نجی اکیڈمی میں بچوں کو پڑھانے کیلئے جارہا تھا کہ اس کا موٹر سائیکل قابو سے باہر ہوکر سڑک پر چل رہے ایک رولرکے ساتھ جاٹکرایا۔اس دوران ظہیر قریشی کی موقعہ پر ہی موت ہوگئی ۔وہ چھ بہنوں کا اکلوتابھائی تھا اور اسے قانونی لوازمات کی ادائیگی کے بعد سپرد خاک کردیاگیا۔ادھرترال کے دوھ مرگ علاقے میں ایک 7سالہ معصوم بچہ نالے میں ڈوب کر لقمہ اجل بن گیا۔اس دوران بچے کی لاش نالے سے برآمد کرنے کے ساتھ یہاں کہرام مچ گیا ۔جنوبی کشمیر کے قصبہ ترال کے گوجر بستی دودھ مرگ کہلیل ترال میں جمعہ کے روزبعددوپہرایک دلدوز حادثہ میںایک کمسن طالب علم سات سالہ اشفاق احمد پسوال ولد محمد قاسم پسوال نالے کے کنارے کھیل رہا تھا جس دوران ان کا پیر پھسل کر نالے میں ڈوب گیااس دوران اگر چہ مقامی لوگوں اورچند راہ گیروں نے بچے کوپانی سے باہر نکال کرنیم مردہ حالت میںفوری طور اسپتال منتقل کرنے کی کوشش کی ہے تاہم مذکورہ کمسن بچہ اسپتال پہنچانے کے دوران لقمہ اجل بن گیا ہے اس دوران ان کی لاش ان کے گھر پہنچانے کے ساتھ ہی وہاں کہرام مچ گیا ۔دریں اثناء ضلع رام بن کے چندرکوٹ علاقے میں جے پرکاش کمپنی کا ایک مشین آپریٹر ایک حادثے میں اس وقت لقمہ اجل بنا جب اس کی لوڈر مشین بغلیہار ڈیم کے نزدیک پلٹ گئی۔ مرنے والے کی شناخت چھوٹے لعل ولد نوگیہ نرائین ساکنہ مدھیہ پردیش ریاست کے طور کی گئی ہے۔