سرینگر //میر واعظ عمر فاروق کی نالی کے انتقال پرحریت کانفرنس سمیت دیگر تنظیموں نے دکھ کا اظہار کیا ہے ۔کل جماعتی حریت کانفرنس نے میرواعظ عمر فاروق کی نانی جو مرحوم مولوی محمد فاروق کی چاچی اور خوش دامن بھی تھیں کی وفات پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کو حریت کانفرنس کی جملہ قیادت اور عوام کی جانب سے زبردست خراج عقیدت ادا کیا ہے۔جموںوکشمیر عوامی مجلس عمل کے ایک ہنگامی اور ماتمی اجلاس میں میرواعظ خاندان کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا گیا ۔ ادھر تجارتی انجمن بیوپار منڈل مہاراج گنج نے ایک تعزیتی اجلاس خورشید احمد دلال کی صدارت میں منعقد کیاجس میں انہوں نے میر واعظ خاندان کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے غمزدہ خاندانوںخصوصاً میرواعظ خاندان و مولوی خاندان کے ساتھ گہری ہمدردی و یکجہتی کا اظہار کیا۔ اجلاس میں کہا گیا کہ مرحومہ نہ صرف ایک نیک خاتون تھیں بلکہ ان کاموجودہ میرواعظ کی پرورش اور انہیں نیک اوصاف سے لبریز کرانے میں ایک کلیدی رول ادا کیاہے۔ اجلاس میں مرحومہ کی جنت نشینی کیلئے دعاکی گئی ۔انجمن شرعی شیعیان جموں و کشمیر کے صدر آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے میر واعظ خانوادہ کی بزرگ اور نیک سیرت خاتون اور میرواعظ کشمیر مولوی محمد عمر فاروق کی نانی کے وفات پر گہرے صدمے کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کے جملہ لواحقین بالخصوص میر واعظ کشمیر اور مرحومہ کے فرزندان مولوی منظور احمد اور مولوی شفاعت احمد سے تعزیت کی۔ آغا حسن نے کہا کہ مرحومہ ایک دیندار اور تبلیغی گھرانے کی چشم و چراغ تھی جس خانوادہ نے کشمیر میں اقامت دین کے حوالے سے نمایاں خدمات انجام دی ہیں جنہیں ملت کشمیر کبھی فراموش نہیں کرسکتی۔ آغا حسن نے مرحومہ کے بلند درجات اور جنت نشینی کی دعا کی۔