میرواعظ کے نام سمن اور جماعت اسلامی پر پابندی کیخلاف اسلامیہ کالیج طالب علموں کا احتجاج

سرینگر/اسلامیہ کالیج سرینگر کے طالب علموں نے سنیچر کو حریت کانفرنس (ع) کے چیئر مین میرواعظ عمر فاروق کے نام این آئی اے سمن اور جماعت اسلامی پر سرکاری پابندی کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔

مظاہرین انصاف کے حق میں نعرے بلند کررہے تھے اور وہ بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کررہے تھے کہ وہ مسئلہ کشمیر حل کرنے کے اقدامات کرے۔

میرواعظ عمر فاروق کے نام قومی تحقیقاتی ایجنسی نے دو بار نوٹس جاری کرتے ہوئے اُنہیں مبینہ فنڈنگ کیس کے سلسلے میں  پوچھ تاچھ کیلئے دلی طلب کیا ہے۔

میرواعظ نے تاہم این آئی اے کے نام اپنا تحریری جواب روانہ کردیا ہے۔

مرکزی سرکار نے حال ہی میں جماعت اسلامی پر پانچ سال کیلئے پابندی عاید کردی ہے اور ابھی تک اس کے سینکڑوں لیڈروں اور کارکنان کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے۔