سرینگر//انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگرکے اراکین ، عہدیداران ، کارکنان اور جامع مارکیٹ کی ٹریڈرس یونین کے ذمہ داروں کا ایک اہم اجلاس صدر انجمن میرواعظ عمر فاروق کی صدارت میں انجمن کے صدر دفتر پرمنعقد ہوا۔اجلاس میں حسب سابقہ شب قدر اور جمعتہ الوداع کے روح پرور مجالس کے دوران نمازیوں اور زائرین کو ہر طرح کی سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے انتظامات کو حتمی شکل دی گئی تاکہ مرکزی جامع مسجد سرینگر میں دور دراز علاقوں سے آنے والے نمازیوں اور زائرین کو ہرممکن سہولت پہنچائی جاسکے ۔اجلاس میں فیصلہ لیا گیا کہ جمعتہ الوداع کو نماز2:30 بجے ادا کی جائیگی جبکہ12:30 بجے سے میرواعظ حسب پروگرام وعظ و تبلیغ فرمائیں گے ۔اجلاس میں فیصلہ لیا گیا کہ شب قدر کو نماز عشاء پورے 10:00 بجے ادا کی جائیگی اور اس کے بعد وعظ و تبلیغ کی مجلس آراستہ ہوگی۔میرواعظ نے جملہ عہدیداروں اور عملے کو ہدایت دی کہ وہ خصوصیت سے ماہ مقدس کے عشرہ نجات کے دوران ان دو اہم تقریبات کے سلسلے میں مسجد کے اندر اور باہر بجلی، پانی ، صفائی ، فرش و فروش، اور دیگر داخلی انتظامات کے تئیں احسن طریقے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں تاکہ کسی کو بھی تکلیف یا شکایت کا موقعہ نہ ملے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام متعلقہ محکمہ جات جن میںمحکمہ پاور، واٹر ورکس ،محکمہ ڈرنیج، میونسپلٹی اور محکمہ ٹریفک وغیرہ شامل ہیں سے رابطہ کرکے ان سے کہا جائے کہ وہ ان اہم دینی اجتماعات کے مواقع پر جامع مسجد میں پاور سپلائی ، پانی کی دستیابی اور ٹریفک نظام میں بہتری کو یقینی بنائیں اور گرمی کے ان ایام میں ارد گرد صفائی اور ستھرائی کاخاص خیال رکھیں۔اس موقعہ پر انجمن اوقاف کے سیکریٹری سے کہا گیا کہ وہ ان مقدس ایام کے دوران زائرین کو ہر قسم کی سہولیات بہم رکھنے کیلئے متعلقہ محکمہ جات کے ساتھ خود اور اپنے عملے سمیت رابطے میں رہیں اور خود تمام انتظامات کو احسن طریقے سے انجام دینے کیلئے نگرانی کا فریضہ انجام دیں۔اجلاس میں عوام الناس سے اپیل کی گئی کہ وہ ان اہم اور بڑے دینی اجتماعات میں ربط و ضبط کو ممکن بنانے کے ساتھ ساتھ نماز کی ادائیگی کیلئے جائے نماز اپنے ساتھ رکھیں تاکہ کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ نہ کرنا پڑے۔