میرواعظ کا دورہ جامع مسجد

 سرینگر// انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر کے صدر اور حریت(ع) چیرمین میرواعظ ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق نے کل مرکزی جامع مسجد سرینگر کا دورہ کیا اورکشمیر کے اس سب سے بڑے روحانی مرکز جامع مسجد کے اندرون اور احاطے میں جاری صفائی ستھرائی اور گردو پیش کے ماحول کو پاک و صاف رکھنے کے حوالے سے انجمن اوقاف کی جانب سے کئے جا رہے اقدامات اور دیگر ضمنی و ذیلی انتظامات کا موقعہ پرجائزہ لیا۔ میرواعظ نے اوقاف کے اراکین ، عہدیداروں اور ملازمین کو تلقین کی کہ وہ مرکزی جامع مسجد کی عظمت رفتہ کو بحال رکھنے اور اس کے تقدس اور اہمیت کو فروغ دینے اور عظیم و بابرکت ماہ رمضان المبارک کی آمد کے پیش نظر حسب سابق اپنی ذمہ داریوںکو احسن طریقے سے انجام دینے کیلئے اپنے اپنے فرائض بخوبی انجام دیں تاکہ زائرین اور نمازیوں خاص طور پر ماہ رمضان میں عبادت و ریاضت کے حوالے سے مسلمانوںکو کسی قسم کی دقت اور پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔اس موقعہ پر یہ بات واضح کی گئی مرکزی جامع مسجد کی دیکھ ریکھ ، انتظام و انصرام اور اندرونی محاذ پر جملہ معاملات کے اخراجات و مصارف کی تکمیل کیلئے کہ انجمن اوقاف کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جو الحمد للہ روز اول سے اپنی ذمہ داریاں پوری شفافیت کے ساتھ بخوبی طور پر انجام دے رہا ہے۔