سرینگر//حریت (گ)چیئرمین سید علی گیلانی نے میرواعظ مولانا محمد یوسف شاہ کی 51ویں برسی پر انہیں خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ مولانا محمد یوسف شاہ نے اپنی پوری زندگی دین کی خدمت اور حق خودارادیت کی تحریک کے لیے وقف کررکھی تھی۔ انہوں نے اپنے قول اور فعل سے مسئلہ کشمیر کی حقیقت کو روشناس کرنے کیلئے جامع مسجد سرینگر کے محراب اور ریاست کے سیاسی اسٹیج سے صدائے حق کو بلند کرنے میں مصلحت پسندی سے کبھی کام نہ لیا۔ حریت رہنما نے مولانا موصوف کے دینی فہم اور سیاسی بصیرت کو قابل تحسین اور صد آفرین قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اُس وقت شیخ محمد عبداللہ کی رفاقت کوٹھکراتے ہوئے اپنے وطن عزیز سے ہجرت کرنے کو ترجیح دی اور مرتے دم تک اپنے مقدس مشن سے جڑے رہے۔ گیلانی نے مرحوم کی مستحسن علمی کاوشوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے قرآن شریف کا کشمیری ترجمہ کرکے اپنے لیے توشۂ آخرت اور اپنی قوم کے لیے اُن کی اپنی زبان میں بیان القرآن جیسی تفسیر فراہم کرکے ایک قابل قدر فریضہ انجام دیاہے۔ انہوںنے مولانا موصوف کی 51ویں برسی پر میر واعظ خاندان کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے اُمید ظاہر کی کہ یہ خاندان دینی علوم کی ترویج وتبلیغ کے ساتھ ساتھ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے اپنی خدمات آئندہ بھی انجام دیتا رہے گا۔