سرینگر// عوامی مجلس عمل نے جموںوکشمیر کے سرکردہ اور ممتاز عالم دین،مفسر قرآن میرواعظ مولانا یوسف شاہ کے54 ویںیوم وصال پر مرحوم کی دینی ، سیاسی اور سماجی خدمات کو خراج عقیدت ادا کیا۔مجلس عمل نے اہلیان کشمیر کے تئیں انکے احسانات کو ناقابل فراموش قرار دیا۔ایک بیان میںمجلس عمل نے کہا کہ کورونااور میرواعظ محمد عمرفا روق کی نظر بندی کے پیش نظرعالی مسجد عیدگاہ میں جلسہ عام ممکن نہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر حد متارکہ کے آر پار کشمیری عوام مولاناکو انکی بیش بہا خدمات کیلئے شاندار الفاظ میں اس عزم اور عہد کے ساتھ خراج عقیدت پیش کرتے ہیں کہ زبردست مشکلات اور نامساعد حالات اور مشکلات کے باوجود اس کے پروگرام کی آبیاری ہر قیمت پر جاری رکھی جائے گی۔مجلس عمل نے میراعظ محمد عمر فاروق سمیت دیگر خانہ نظر بند وں اور جیلوں میں مقید افراد کی رہائی کا مطالبہ کیا۔ادھر نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے مولانا محمد یوسف شاہ کوخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم ایک عالم باعمل اور سرکردہ مبلغ تھے۔ انہوں نے کہا کہ خاندان ِمیرواعظ کی دینی خدمات قوم کیلئے مشعل راہ ہیں۔ نائب صدر عمر عبداللہ نے بھی مولانا محمد یوسف شاہ کی دینی خدمات کو سراہتے ہوئے کہاکہ مرحوم ایک ممتاز عالم دین تھے۔پارٹی جنرل سکریٹری علی محمد ساگر، ڈاکٹر مصطفی کمال، سینئر لیڈران مبارک گل اور پیر آفاق نے بھی خراج عقیدت پیش کیا۔