سرینگر// خاندان میرواعظ کے بزر گ رْکن اورشہید ملت میرواعظ مولوی محمد فاروق کے بڑے بھائی اور میرواعظ ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق کے چاچا مولوی علی محمد جان سکونت کرسو راجباغ سرینگر طویل علالت کے بعدکل انتقال کر گئے۔ انا للہ وانا الیہ راجعون۔ واضح رہے کہ مولوی علی محمد جان مرحوم میرواعظ کشمیر مولانا عتیق اللہ شاہ کے پوتے اور مولوی محمد امین کے بڑے فرزند تھے۔ مرحوم خاندانی روایات کے حامل انتہائی خلیق ، ملنسار اور ایک باکردار انسان تھے جنہوں نے انتہائی یکسوئی کے ساتھ اپنی زندگی گذاری اور بالاآخر17نومبر جمعہ کو دار فانی سے کوچ کر گئے۔خاندان کے ذرائع کے مطابق کوویڈ19کی صورتحال کے پیش نظر اجتماعی فاتحہ خوانی کی تقریب منعقد نہیں ہوگی ۔ادھرنیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور سابق وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے مولوی علی محمد جان کی وفات پر رنج و غم کا اظہار کیا۔ انہوں نے میرواعظ عمر فاروق کو ٹیلی فون کرکے تعزیت کا اظہار کیا۔ اپنی پارٹی صدر سید محمد الطاف بخاری نے میر وعظ مولوی عمر فاروق کے چاچا مولوی علی محمد جان کی وفات پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے ۔تعزیتی پیغام میں بخاری نے میروعظ خاندان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی ہے کہ غمزدہ کنبہ کو یہ ناقابل ِ تلافی نقصان بردداشت کرنے کی توفیق ملے۔ انہوں نے کہاکہ’’ متوفی نیک سیرت شخص تھے جوکہ انسانیت، جذبہ ایثار، ہمدردی کے لئے جانے جاتے تھے‘‘۔جموں وکشمیر سول سوسائٹی فورم کے چیرمین عبد القیوم وانی نے مولوی علی محمد جان کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم ایک سماجی ، سیاسی اور مذہبی رہنما تھے، جس نے کشمیری عوام کی مختلف سطحوں پر خدمت کی ہے۔ وانی نے مرحوم کی جنت نشینی اور سوگوار لواحقین بلخصوص میرواعظ کشمیر مولوی عمر فاروق کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔