سرینگر //چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم نے 19 اور 20 اکتوبر 2020 کو منعقد کئے جانے والے دو روزہ پروگرام ’میرا قصبہ میرا فخر‘ کیلئے کی جانے والی تیاریوں کا جائیزہ لینے کیلئے منعقدہ میٹنگ کی صدارت کی ۔میٹنگ میں مکانات و شہری ترقی اور داخلہ کے انتظامی سیکرٹریز ،جموں اور کشمیر صوبوں کے صوبائی کمشنران ، ایس ایم سی /جے ایم سی کے کمشنران ، تمام ڈپٹی کمشنران ، متعلقہ محکموں کے سربراہان میٹنگ میں موجود تھے ۔ پروگرام کے انعقاد کا مقصد بلدیاتی اداروں کو بااختیار بنا کر مزید مستحکم بنانا ہے اور اس کے تحت بلدیاتی اداروں کے کام کاج کا جائیزہ بھی لیا جائے گا ۔ یہ پروگرام حال ہی میں اختتام پذیر بیک ٹو ولیج پروگرام کی طرز پر منعقد کیا جا رہا ہے اور اس کے تحت مختلف دستاویز کی معین مدت کے اندر فراہمی یقینی بنائی جائے گی جن میں حقِ شہریت ، درجہ فہرست ذاتوں قبائل ، پسماندہ زمروں کے تحت اسناد شامل ہیں اس کے علاوہ محکمہ مال سے متعلق خدمات کی بروقت فراہمی بھی پروگرام کے تحت یقینی بنائی جائے گی اور انفرادی بہبودی سکیموں بشمول پینشن ، وظایف ، پی ایم اے وائی ، کے سی سی ، صحت گولڈن کارڈ ، لاڈلی بیٹی وغیرہ سکیموں کے ثمرات مستحقین تک پہنچانے کی کوشش بھی کی جائے گی ۔ میٹنگ میں فیصلہ لیا گیاکہ ترقیاتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے 50 لاکھ ، 1 کروڑ اور 5 کروڑ ہر میونسپلٹی ، میونسپل کونسل اور میونسپل کارپوریشن کیلئے بالترتیب واگذار کئے جائیں گے ۔