سرینگر// سرینگر میں بیشتر خستہ حال سڑکوں کی مرمت شروع کرنے کے بعد شہر کے بٹہ مالو میں واقع میر آباد کے شہری گزشتہ4برسوں سے سڑک پر میکڈم بچھانے کا انتظار کر رہے ہیں تاہم انہیں نا امیدی کے سوا کچھ حاصل نہیں ہو رہا ہے۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ میر آباد لین نمبر3کے لوگ گزشتہ4برسوں سے محکمہ تعمیرات عامہ کے دفتر کا چکر کاٹ رہے ہیں لیکن کوئی کارروائی نہیں ہورہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ سرکاری افسروں کی جانب سے یقین دہانیوں کے علاوہ اور کوئی چیز نہیں مل رہی ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ سرما ہویا گرما دونوں موسموں میں لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ موسم سرما میں کیچڑاور موسم گرما میں گردوغبار سے چلنے پھرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے کہا کہ معمولی بارشوں سے یہ خستہ حال سڑک جھیل کا منظرپیش کرتی ہے اور عبور و مرور نا ممکن بن جاتا ہے۔انہوں نے متعلقہ محکمہ سے ایک بار پھر اپیل کی کہ اب جب سرینگر میں خستہ حال سڑکوں کی مرمت کا کام شروع کیاگیا ہے ، میر آباد لین نمبر3 کی سڑک پر بھی میکڈم بچھایا جائے تاکہ لوگوں کو اس مصیبت سے چھٹکارا ملے۔