عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// محکمہ موسمیات نے کہا کہ کشمیر میں جمعرات کے روز تازہ برفباری ہوئی،خاص طور پر وادی کے اونچے علاقوں میں، آنے والے دنوں میں مزید برفباری متوقع ہے۔پہلگام اور سونمرگ کے سیاحتی مقامات، زوجیلا، بڈگام کے بالائی علاقوں، گریز، بانڈی پورہ، گاندربل اور دیگر مقامات پر صبح سویرے برف باری ہوئی۔حکام نے بتایا کہ اننت ناگ، کولگام، شوپیان، پلوامہ اور بارہمولہ کے میدانی علاقوں میں بھی ہلکی برفباری ہوئی۔ادھرجنوبی کشمیر اور وادی چناب کے کچھ حصوں میں جمعرات کو برف باری کا ایک اور سلسلہ شروع ہوا۔اننت ناگ کے بالائی علاقوں میں 8 انچ جبکہ نشیبی علاقوں میں دو انچ تک برف پڑی ہے۔اننت ناگ میں، کوکرناگ، ڈکسم، ویری ناگ، کپرن، پہلگام، اور قاضی گنڈ جیسے علاقوں میں 8 انچ تک برفباری ریکارڈ کی گئی ۔کوکرناگ-کشتواڑ اور کوکرناگ-واڑون-مڑوا کے ساتھ ساتھ سنتھن ٹاپ اور مارگن ٹاپ جیسے اونچائی والے علاقوں میں 8 انچ سے زیادہ برف جمع ہوئی ہے۔اننت ناگ قصبہ میں ایک انچ برف باری ہوئی ۔کولگام ضلع میں بھی ہلکی برف باری ہوئی۔ ڈی ایچ پورہ، ڈی کے مرگ، اور اہربل میں ہلکی برف پڑ رہی تھی۔جڑواں اضلاع شوپیان اور پلوامہ میں بھی ہلکی برفباری ہوئی۔ شوپیان میں، سیدھو، دوبیجن اور ہیر پورہ جیسے اونچے علاقوں میں برف باری ہوئی۔ اسی طرح پلوامہ کے بالائی علاقوں میں برفباری ہوئی۔تاریخی مغل روڈ کے ساتھ پیر کی گلی میں چند انچ برف جمع ہوگئی۔بانہال اور بھدرواہ سمیت وادی چناب کے کچھ حصوں میں بھی برفباری ہوئی۔محکمہ موسمیات نے کشمیر میں بکھرے ہوئے مقامات پر ہلکی بارش یا برفباری کے ساتھ عام طور پر ابر آلود موسم کی پیش گوئی کی تھی۔ اس نے کہا کہ ہفتہ کے روز الگ تھلگ اونچی جگہوں پر ہلکی برف باری سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ20-21 جنوری تک، الگ تھلگ سے بکھرے ہوئے مقامات پر ہلکی برفباری کا امکان ہے، جبکہ 22-23 جنوری تک بکھرے ہوئے اور کافی وسیع مقامات پر ہلکی سے درمیانی برف پڑنے کا امکان ہے۔دریں اثنا، ابر آلود حالات کی وجہ سے، وادی کشمیر میں کم سے کم درجہ حرارت میں اضافہ ہوا، جس سے مکینوں کو شدید سردی سے کچھ راحت ملی۔بدھ کی رات سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 2.5 ڈگری سیلسیس پر طے ہوا۔ گلمرگ، میں منفی 7 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔پہلگام میں کم سے کم مائنس 4.2 ڈگری سیلسیس،قاضی گنڈ میں منفی 3.8 ، کپواڑہ میں منفی 1.9 اور کوکرناگ میں منفی 2.2 ڈگری سیلسیس رہا۔ادھربانہال سے وادی کشمیر تک ریل خدمات جمعرات کو تازہ برف باری کی وجہ سے معطل کردی گئیں۔ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ پٹریوں پر جمع برف صاف کرنے کے بعد ٹرین سروس دوبارہ شروع کر دی جائے گی۔