سرینگر //سنیچر کو پیر پنچال کے آر پار بیشتر بالائی علاقوں میں دوسرے روز بھی ہلکی برف باری اور میدانی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری رہا۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج دوپہر سے 31جنوری، چلہ کلاں کے اختتام تک موسم میں بہتری آئے گی۔ سرینگر کے ساتھ ساتھ وادی کے مختلف علاقوں میں جمعہ کی شب بارشوں اور ہلکی برفباری کا تازہ سلسلہ شروع ہوا جو ہفتہ کو بھی وقفے وقفے سے جاری رہا۔ کپوارہ، ہندوارہ،بارہمولہ اور شمالی کشمیر کے دیگر کئی علاقوں میں برف کی چادر بچھ گئی تھی۔سرحدی ضلع کپواڑہ میں موسم نے جمعرات کے شام 7 بجے کروٹ لی اور رات بھر برف باری اور بارشوں کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوا۔ کپواڑہ ضلع کے با لائی علاقوں میں بھاری جبکہ میدانی علاقوں میں ہلکی برف با ری ہو ئی ۔ گلمرگ ، کونگہ ڈوری اور افروٹ پہاڑیوں اورمضافاتی علاقوں میںبرفباری کا سلسلہ پورادن وقفہ وقفہ سے جاری رہا۔ سونہ مرگ،لداخ کے بیشتر علاقوں،گریز ،زوجیلااور اوڑی کے بالائی علاقوں میں بھی تازہ برفباری کی اطلاعات ملی ہیں۔شہر سرینگر سمیت وادی کے دیگر علاقوں میں ہلکی بارشیں ہوئیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق شبانہ درجہ حرارت بیشتر مقامات پر نقطہ انجماد سے اوپر درج کیا گیا۔گلمرگ اور پہلگام میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بالترتیب قریب 12 سنٹی میٹر اور 3.5 سینٹی میٹر تازہ برف جمع ہوئی ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سرینگر جہاں چوبیس گھنٹوں کے دوران 1.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ، میں کم سے کم درجہ حرارت 2.3 ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا ۔ گلمرگ جہاں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران قریب12 سینٹی میٹر تازہ برف جمع ہوئی، میں کم سے کم درجہ حرارت منفی6.5 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ۔ پہلگام جہاں 3.5 سینٹی میٹر تازہ برف جمع ہوئی ، میں کم سے کم درجہ حرارت منفی2.4 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔سرینگر میں مقیم محکمہ موسمیات کے ترجمان نے بتایا کہ وادی میں بارشوں اور برفباری کا سلسلہ اتوار کی دوپہر تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ترجمان نے کہا کہ مغربی ہوائوں کے وادی میں داخل ہونے سے موسم میں تبدیلی رونما ہوئی اور اس کے اثرات مجموعی طور پرمزید کچھ دیر تک رہنے کی توقع ہے جس کے دوران درمیانہ سے بھاری درجے کی برفباری اور بارشوں کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آج بھی جموں ڈویژن کے میدانی علاقوں میں درمیانہ درجہ کی بارش اور بالائی علاقوں میں برفباری کی توقع ہے۔