محمد تسکین
بانہال// جمعہ کی رات سے ہفتے کی صبح تک بانہال اور رام بن کے سیکٹر میں تیز بارشیں ہوئیں جبکہ جواہر ٹنل سمیت پیر پنجال کے پہاڑی سلسلے پر تازہ برفباری ہوئی ہے۔ بارشوں اور پسیوں کی وجہ سے جموں سرینگر قومی شاہراہ کم از کم چھ گھنٹوں تک بند رہنے کے بعد دوبارہ بحال کی گئی ہے۔ رام بن اور بانہال کے سیکٹر میں جمعہ کی رات سے ہفتے کی صبح تک تیز بارشیں ہوئیں جس کی وجہ سے شاہراہ ڈھلواس ، مہاڑ ، کیفٹریا موڑ ، موم پسی رامسو اور کشتواڑی پتھر شیر بی بی کے مقام پسیوں اور پتھروں کے گر انے کی وجہ سے شاہراہ پر ٹریفک کی نقل وحرکت روک دی گئی تھی۔ پسیوں اور پتھروں کے گر انے کیوجہ سے متعدد مقامات پر بند شاہراہ کی وجہ سے ٹریفک کو قاضی گنڈ ، رام بن اور ناشری ٹنل کے آر پار مختلف مقامات پر روک دیا گیا تھا۔ڈی ایس پی ٹریفک نیشنل ہائے وے رام بن نوید احمد نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ رام بن بانہال سیکٹر میں شدید بارشوں کی وجہ سے شاہراہ کئی مقامات پر بند ہوگئی تھی اور ہفتے کی صبح روشنی آتے ہی فورلین شاہراہ تعمیراتی کمپنیوں کی مشینری اور افراد قوت کو کام پر لگایا گیا اور ہفتے کی صبح قریب گیارہ بجے شاہراہ کو جزوی طور بحال کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ شاہراہ کی بحالی کے بعد درماندہ ٹریفک کو اور بعد میں ادھم پور اور قاضی گنڈ سے مسافر گاڑیوں کو اپنی اپنی منزلوں کی طرف چلنے کی اجازت دی گئی اور ٹریفک کی نقل و حرکت چند ایک مقامات پر سست رفتاری کے ساتھ اگے بڑھ رہی ہے۔اس دوران دیر رات پنتھیال کے مقام پر ٹی پانچ ٹنل کے باہر ایک ٹرک زیرنمبرJk13F-0056پر ایک بھاری بھرکم پتھر گرآیا جو عین ڈرائیور کیبن میں جاگراتاہم ٹرک کا ڈرائیور اور کنڈیکٹر معجزاتی طور بچ نکلے۔