میاں الطاف سے تعزیت پرسی کا سلسلہ جاری

کنگن/ نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر میاں الطاف احمد کی جواں سال دختر کے انتقال پر تعزیت پرسی کرنے کے لئے سیاسی،سماجی، مذہبی اور دینی جماعتوں کا دن بھربابانگری وانگت کنگن میں تانتا بندھا رہا۔صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان،ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل حشمت علی خان، سابق وزیرسیدالطاف بخاری،پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے سابق ممبر اسمبلی کوکر ناگ عبدالرحیم راتھر،سابق ممبر اسمبلی دلاور میر،بارہمولہ پارلیمانی امیدوار عبدالقیوم وانی،ظفر منہاس،نیشنل کانفرنس لیڈرمیر سیف اللہ،شوکت وٹالی،محمد رفیع میر،فاروق احمد شاہ،شوکت احمد میر، پیپلز کانفرنس لیڈران عمران انصاری،عابد انصاری اورراجہ اعجاز علی،بھارتیہ جنتا پارٹی کے خالد جہانگیر،کانگریس لیڈرسیف الدین سوز،سابق ممبر اسمبلی بانڈی پورہ عثمان مجید،پولیس اور سیول انتظامیہ کے اعلیٰ افسران سمیت کئی علاقوں سے مذہبی اور سماجی شخصیات نے غمزدہ کنبے سے تعزیت پرسی کی اور مرحومہ کی مغفرت کیلئے دعا کی۔حریت (ع)چیئرمین میرواعظ محمد عمر فاروق نے سرکردہ مذہبی رہنما میاں بشیر احمد کی جواں سال پوتی اور میاں الطاف کی صاحبزادی کے انتقال پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کرتے ہوئے میاں خاندان کے ساتھ دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ میرواعظ نے مرحومہ کی رحلت پر بذریعہ فون میاں الطاف سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے انہیں یقین دلایا کہ غم و الم کی اس گھڑی میں وہ ان کے ساتھ ہیں ۔ میرواعظ نے مرحومہ کی مغفرت اور پسماندگان اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی خصوصی دعا کی۔ ڈیمو کریٹک فریڈم پارٹی کے محبوس سربراہ شبیر شاہ نے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے میاں الطاف اور جملہ لواحقین کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔تہار جیل سے اپنے ایک تعزیتی پیغام میں شبیر شاہ نے متاثرہ خانوادے کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کی جنت نشینی کی دعا کی ہے۔ پرائیویٹ سکول ایسوسی ایشن نے چیئرمین ایم بی ایجوکیشنل انسٹچوٹ منیگام میاں مہر علی کی ہمشیرہ بینظیر الطاف کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کی مغفرت اور سوگوار کنبے کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔  جموں وکشمیر رورل ڈیولپمنٹ سوسائٹی کے چیئرمین مبارک گل،چیئرمین شمالی کشمیر خواجہ محمد شفیع اور ضلع چیئرمین بارہمولہ عبدالمجید آخون نے میاں الطاف کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔