سمیت بھارگو
راجوری// ریاسی ضلع کے مہور سب ڈویژن کے چسانہ پولیس سٹیشن کے تحت آنے والے علاقے میں جمعہ کی شام دیر گئے انکائونٹر شروع ہوا ۔پولیس نے بتایا کہ ریاسی میں مہور کے شکاری علاقے میں محاصرہ اور تلاشی آپریشن جاری تھا جب دن کے ایک بجے کے قریب ملی ٹینٹوں کیساتھ رابطہ قائم ہوا اور آخری اطلاعات موصول ہونے تک دونوں فریقوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوگیا۔ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل جموں زون، آنند جین نے کہا”ملی ٹینٹوں کی موجودگی کے بارے میں مخصوص انٹیلی جنس کی بنیاد پر، سیکورٹی فورسز کی طرف سے شکاری علاقے میں ایک مشترکہ تلاشی آپریشن شروع کیا گیا “۔انہوں نے کہا” ملی ٹینٹوں کیساتھ جونہی رابطہ قائم ہو گیا تو دونوں طرف سے چند رائونڈ فائر کیے گئے ” ۔اے ڈی جی نے بتایا کہ علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے، مزید کمک طلب کرلی گئی ہے اور علاقے کی ناکہ بندی کر کے ملی ٹینٹوں کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔