مہجور نگر،نٹی پورہ سڑک کی حالت خستہ | مقامی لوگوں کیلئے سوہان روح، مرمت کا کیا مطالبہ

سرینگر/نیوز ڈیسک/ شہر میں مہجور نگر سے لیکر نٹی پورہ تک کی سڑک کی خستہ حالت عام لوگوں  کیلئے سوہان روح ثابت ہو رہی ہے کیونکہ2کلو میٹر لمبی سڑک میں جگہ جگہ گڑھے پڑ چکے ہیں۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ  رام باغ میں فلائی آوار کو نٹی پورہ کی جانب بند کرنے کی وجہ سے اس سڑک  پر مزید دبائو پڑ گیا جس کی وجہ سے اس سڑک پر گاڑیوں کی آمدرفت میں بھی اضافہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ تاہم سڑک اس قدر خستہ ہے کہ اس سڑک کو عبور کرنا جوئے شیر لانے کے مترادف ہوگئی ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا تھا کہ پہلے ہی یہ سڑک تنگ  ہے اور اس پر ٹریفک کے غیر معمولی دبائو اور سڑک کی خستہ حالی نے  لوگوں کو مزید پریشانیوں میں مبتلا کیا ہے۔مقامی نوجوان وقار احمد نے بتایا کہ اگر چہ حکام کے پاس کئی ایک بار  فریاد کی گئی تھی کہ اس سڑک کی مرمت کی جائے تاہم حکام کے کانوں پر جوں بھی نہیں رینگی اور صرف زبانی یقین دہانیوں سے لوگوں کا پیٹ بھر دیا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ امال بھی شہر کی کئی ایک سڑکوں کی مرمت کی گئی اور ان پر تال کول بچھا دی گئی تاہم اس سڑک کی ساتھ سوتیلی ماں کا جیسا سلوک روا رکھا گیا اور اس کی مرمت  نہیں کی گئی۔ لوگوں کا کہنا تھا کہ اس سڑک پر عبور و مرور اور گاڑیوں کی نقل و حرکت مزید مشکل ہوگئی ہیں اور موسم سرما مین بارشوں اور برفباری سے اس سڑک کی حالت مزید خستہ ہونے کا  امکاں ہے۔انہوں نے لیفٹنٹ گورنر انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر اس سڑک کی مرمت کیلئے اقدامات اٹھائے تاکہ لوگوں کو پریشانیوں سے نجات مل سکے۔