رام بن// مگرکوٹ میں ٹریفک جام اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث جموں سرینگر قومی شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت درہم برہم رہی۔اتوار سے ہی ناشری اوربانہال سیکٹروں کے درمیان شاہراہ پریک طرفہ ٹریفک کے باوجودگاڑیاں گھنٹوں ایک ساتھ ٹریفک جام میں پھنسی رہیں۔جام میں گھنٹوں پھنسے رہنے والے مسافروں اور ڈرائیوروں نے ٹریفک کی اس بدنظمی کیلئے ٹریفک پولیس نیشنل ہائی وے کو ذمہ دار ٹھہریا جو بقول ان کے ذاتی مفادات کیلئے مخالف سمت سے بھی گاڑیوں کو چلنے کی اجازت دیتے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ مخالف سمت سے گاڑیوں کو جانے کی اجازت دینے کی شکایات کے باوجود ٹریفک پولیس کے اعلی حکام گہری نیند میں ہیں۔دریں اثناء شاہراہ پر مگرکوٹ کے قریب پسیاں گر آنے کے ایک واقعہ نے بھی شاہراہ کے بانہال اور رام بن سیکٹر میں گھنٹوں گاڑیوں کی آمدورفت کو بھی درہم برہم کردیا۔شاہراہ خصوصاًمگرکوٹ سے لے کر ناشری تک ٹریفک کا ناقص ضابطہ کار اب ایک معمول بن گیا ہے اور ٹریفک پولیس ہائی وے ٹریفک نظم و نسق کو بحال کرنے کی زحمت گوارا نہیں کرتی ہے جس کے نتیجہ میں مسافروں اور ڈرائیوروں کوپریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔رام بن ضلع کے رہائشیوں نے آئی جی پی ٹریفک سے اپیل کی ہے کہ وہ شاہراہ پر مسافروں اور آپریٹروںکومستقل طور پر درپیش مشکلات کا سنجیدہ نوٹس لیں۔