مڈل سکول کاندھرا کی عمارت کئی برسوں سے تعمیر نہ ہو سکی | بچے کھلے آسمان تلے پڑھائی جاری رکھنے پر مجبور ،محکمہ خاموش

کوٹرنکہ //کوٹرنکہ سب ڈویژن کے بلاک بدھل نیو میں بنائے گئے گور نمنٹ مڈل سکول کاندھرا کی عمارت نہ ہونے کی وجہ سے بچوں کو کھلے عام تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہوتا پڑرہا ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ علاقہ میں 1970کے دوران ایک پرائمری سکول کا قیام عمل میں لایا گیا تھا جس کے بعد عوامی مانگ کو دیکھتے ہوئے انتظامیہ کی جانب سے مذکورہ سکول کا 2006میں درجہ  بڑھا کر اس کو مڈل سکول کر دیا گیا تھا لیکن گزشتہ کئی برسوں سے اس کی عمارت ہی تعمیر نہیں کی جاسکی ہے جس کی وجہ سے بچوں کیساتھ سا تھ سٹاف ممبران اور والدین بھی پریشان ہو گئے ہیں ۔مقامی معززین نے محکمہ ایجوکیشن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ گزشتہ پانچ دہائیوں سے علاقہ میں سکول قائم ہے لیکن اس کی عمارت کیلئے حکام کی جانب سے دھیان ہی نہیں دیاجارہا ہے جس کی وجہ سے بچوں کی تعلیم بُری طرح سے متاثر ہو رہی ہے ۔مکینوں کے مطابق مذکورہ سرکاری سکول میں اس وقت 150سے زائد بچے زیر تعلیم ہیں لیکن ان کے بیٹھنے کیلئے معقول جگہ ہی دستیاب نہیں ہے جس کی وجہ سے وہ کھلے عام بیٹھ کر تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہیں ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ علاقہ میں قائم کردہ مڈل سکول کی عمارت کی جلداز جلد تعمیر عمل میں لائی جائے تاکہ بچوں کو سہولیات مل سکیں ۔