پونچھ// ضلع پونچھ کے زون کنوئیاںکے مڈل سکول بھینچھ کھنیتر کے اساتذہ اور طلباء نے نایب تحصیلدار پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ رواں ماہ کی25تاریخ کو نایب تحصیلدار نے کنھنیتر سکول کے احاطے میں آ کر سکول کی ہیڈ ماسٹر کو سکول کا ایک کمرہ خالی کرنے کوکہا جس پر ہیڈ ماسٹر نے اس بارے میں متعلقہ زونل ایجو کیشن آفیسر سے اجازت طلب کرنے کیلئے کہاتاہم آفیسر موصوف نے مبینہ طورپر زبردستی کمرے سے بچوں کوباہر نکال کر نے کیلئے کہااور انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ آفیسر موصوف نے کہاکہ وہ مجسٹریٹ ہیں جس کی وجہ سے ان کو اس سلسلہ میں کسی تحریری حکم نامے کی ضرورت ہی نہیں ہے ۔انہوں نے بتایا کہ نائب تحصیلدار نے کمرے میں اپنا ساز وسامان رکھ دیا ہے جس کی وجہ سے بچوں کے پاس بیٹھنے کیلئے جگہ انتہائی کم رہ گئی ہے ۔زونل ایجوکیشن آفیسر کنوئیاں نے کہاکہ نائب تحصیلدار نے مبینہ طورپر زبردستی سکول کے ایک کمرے کا تالا کاٹ کر اپنا ساز و سامان رکھ دیا ہے ۔زونل ایجوکیشن آفیسر نے بتایا کہ وہ خود سکول میں پہنچی تاہم آفیسر موصوف نے ان کی ایک بات تک نہیں سنی ۔ان کا کہنا تھا کہ متعلقہ سکول میں 178طلباء زیر تعلیم ہیں جن کیلئے محض تین کمرے ہی ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ بچوں کے پاس پہلے سے ہی جگہ کی قلت ہے تاہم اب نائب تحصیلدار کی زبردستی کی وجہ سے ان کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے ۔انہوں نے ڈی سی پونچھ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ اس معاملہ کی مکمل تحقیقات کریں کہ کس حکم کے تحت مذکورہ آفیسر نے سکول کے کمرے پر قبضہ کیا ہے ۔دو سری جانب ضلع ترقیاتی کمشنر نے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ اس معاملہ کی تحقیقات کی جائے گی ۔