مڈل سکول اقبال نگر میں بچوں کیلئے جگہ کی شدید قلت | 8 جماعتیں محض 3 کمروں میں بیٹھنے پر مجبور،انتظامیہ لاپرواہی کا شکار

بختیار کاظمی
سرنکوٹ// سب ڈویژن سرنکوٹ کے گور نمنٹ مڈل سکول اقبال نگر میں بچوں کو بنیادی سہولیات کی شدید قلت کا سامنا ہے جبکہ متعلقہ محکمہ اور مقامی انتظامیہ بچوں کی پڑھائی کو یقینی بنانے کیلئے کوئی عملی قدم نہیں اٹھا رہی ہے ۔مقامی لوگوں و والدین نے بتایا کہ سکول میں زیر تعلیم آٹھ جماعتوں کے 50سے زائد بچوں کیلئے محض3کمرے تعمیر کئے گئے ہیں تاہم ان کی حالت نے غیر معیاری ہے ۔انہوں نے بتایا کہ سٹاف ممبران بچوں کو کمروں میں یکجا کر کے تعلیم فراہم کرنے پر مجبور ہیں تاہم والدین و مکینوں نے ضلع انتظامیہ کیساتھ ساتھ محکمہ ایجوکیشن کو بھی مذکورہ معاملے کے سلسلہ میں آگاہ کیا تاہم جھوٹی یقین دہانیوں کے بغیر ابھی تک کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا ہے جس کی وجہ سے بچوں کو مستقل تاریک ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے ۔غور طلب ہے کہ جہاں سکول میں جگہ کی قلت پائی جارہی ہے وہائیں کچھ اسامیاں بھی خالی پڑی ہوئی ہیں ۔والدین نے محکمہ ایجوکیشن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ سرنکوٹ میں ہی کئی ایسے سکول موجود ہیں جن میں بچوں کی تعداد انتہائی کم ہے لیکن ٹیچر گنجائش سے بھی زیادہ ہیں لیکن کئی سکولوں میں بچوں کی تعداد زیادہ ہونے کے باوجود بھی سٹاف تعینات نہیں کیا جارہا ہے ۔دوسری جانب سکول کے سٹاف ممبران نے بتایا کہ سکول کے کھیل کو میدان میں غیر قانونی طور پر گاڑیاں پارک کر دی جاتی ہیں جبکہ اس معاملہ کو مقامی انتظامیہ کے نوٹس میں بھی لایا گیا ہے ۔اس کے علاوہ سکول میں پینے کے صاف پانی و دیگر بنیادی سہولیات بھی میسر نہیں ہیں ۔والدین نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ ان کے بچوں کے روشن مستقل کیلئے بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں ۔