بارہمولہ// سرکاری مڈل اسکول شیری پائین یں زیر تعلیم آٹھویں جماعت کی طالبہ شاہدہ جموں و کشمیر کی اُن گیارہ طالب علموںمیں ایک ہیں جنہیں قومی سطح کی نمائش میں اپنے جدید منصوبوں کی نمائش کے لئے منتخب کیا گیا ہے۔ حکومت ہند کے محکمہ سائنس ایندٹیکنالوجی نیشنل انوویشن فاؤنڈیشن کے ذریعہ اسے انجام دیا جارہا ہے ۔جس کا مقصد 10سے15 سال کی عمر کے طالب علموں کی تکنیکی صلاحیتوں کو اُبھارنا ہے ۔ محکمہ سائنس اینڈ ٹکنالوجی اس اسکیم کو 2010 سے کامیابی کے ساتھ چلارہا ہے۔ شاہدہ NIF کے زیر اہتمام دو روزہ آن لائن ورکشاپ کا حصہ بننے پر خوشی محسوس کرتی ہیں۔ انہوں نے اپنے استاد ریاض احمد گنائی ، ہیڈ ماسٹر بی ایم ایس شیری حفیظہ بانو ، عملہ اور NIF کی رہنمائی اور مدد کرنے پرشکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا’’میں چیف ایجوکیشن آفیسر ڈائیٹ سوپور غلام محمد لون ، وائس پرنسپل ڈائیٹ سوپور نذیر احمد ریشی، ڈسٹرکٹ نوڈل آفیسر (ڈی این او) ڈائیٹ سوپور بشیر احمد میر ، سجاد اکبر اور زونل ایجوکیشن افسر فتح گڈھ غلام احمد پنٹو کی بہت شکر گزار ہوں۔ نیشنل انوویشن فاؤنڈیشن انڈیا (این آئی ایف) کی انوویشن فیلو سحرین شکیل نے بتایا کہ انسپائر اسکیم کے تحت دو روزہ ورچوئل ورکشاپ کا انعقاد منتخب طلباء کو تکنیکی معاونت فراہم کرنے کیلئے کیا گیا تھا جس میںملک کے ٹیکنالوجی اداروں سے ماہرین کی خدمات میسر کی گئی تھیں ۔ انہوں نے کہا کہ آخرکار ایک ہزار طلباء کو قومی سطح کی نمائش میں اپنے جدید منصوبوں کی نمائش کے لئے منتخب کیا گیا ہے اور60 پروجیکٹوں کو منتخب کیا جائے گا ۔ ڈی این او بشیر احمد میر نے کہا’’انسپائر ایوارڈ کا مقصد سائنس اور ٹیکنالوجی کے ذریعہ معاشرے کے مسائل کو دور کرنے کے لئے طلباء میں تخلیقی اور جدید خیالات کو فروغ دینا ہے‘‘۔انہوں نے کہا’’ ہمیں طلبا میں نئے اور تخلیقی نظریات حاصل کرکے سائنسی مزاج پیدا کرنا ہے‘‘۔اس موقع پرسینئر استاد ریاض احمد گنائی نے کہا کہ طلباء کو ملک کے تمام سرکاری اور نجی اسکولوں سے دعوت دی جاتی ہے کہ وہ انسپائر ایورڈ مانک میں شرکت کرنے کیلئے اپنے اصلی اور تخلیقی نظریات اور ایجادات بھیجیں۔