سرینگر//اپنی پارٹی صدر سید محمد الطاف بخاری نے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سے مطالبہ کیا ہے کہ موہالی پنجاب میں زیر تعلیم جموں وکشمیر کے تین طلبا پر ہوئے حملہ کے معاملہ میں ذاتی مداخلت کریں۔ ایک بیان میں بخاری نے کہاکہ کھراڑ موہالی میں ہاؤسنگ سوسائٹی کے اندر جموں وکشمیر کے تین طلبا کی ہجوم کے ہاتھوں بے رحمی سے پٹائی ، نے جموں وکشمیر کے طلبا کی اجتماعی حفاظت پر خدشات کو جنم دیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ عینی شاہدین کے مطابق 30سے زائد افراد کی مارپیٹ کے بعد طلبا کو بہت زیادہ چوٹیں آئی ہیں، دشمنی کی اس طرح کی کارروائیاں جموں و کشمیر کے باقی طلباء کے لیے خوف اور غیر یقینی کی فضا پیدا کرتی ہیں جو اِس وقت پنجاب کے مختلف کالجوں اور یونیورسٹیوں میں زیر تعلیم ہیں۔بخاری نے مطالبہ کیا کہ اِس واقعہ کی باریک بینی سے تحقیقات کرنے کے علاوہ شرپسندوں کو گرفتار کیاجائے جنہوں نے غیر ضروری ہنگامہ کیا اور طلبا میں بد اعتمادی پیدا کرنے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب کے اہم شہروں میں کثیر تعداد کے اندر جموں وکشمیر کے طلبا تعلیم حاصل کر رہے ہیں اور اُن کی سلامتی کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوتی ہے۔ انتظامی اداروں کی طرف سے مطلوبہ اقدامات اُٹھائے جانے چاہئے تاکہ مستقبل میں اس طرح کے واقعات پیش نہ آئیں اور جموں وکشمیر طلبا کے تعلیمی مفادات بھی متاثر نہ ہوں۔