مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی | دوسرے سال بھی 25 سرکردہ یونیورسٹیوں میں شامل

حیدرآباد// مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی نے ملک میں ایسی واحد لسانی جامعہ کا اعزاز حاصل کیا ہے جسے سرکردہ انگریزی جریدہ آئوٹ لک نے مرکزی جامعات کی ملک گیر رینکنگ میں 24 واں مقام عطا کیا ہے۔اردو یونیورسٹی مسلسل دوسرے سال مرکزی جامعات کی 25 سرکردہ یونیورسٹیز کی فہرست میں شامل ہوگئی ۔ آئوٹ لک نے آئی کئیر ادارہ کے ساتھ ملکر ہندوستان کی سرکردہ مرکزی جامعات میںتعلیمی و تحقیقی عمدگی ، صنعت کے ساتھ رابطہ اور پلیسمنٹ ، انفراسٹرکچراور سہولیات ،حکمرانی و داخلے اور تنوع ورسائی جیسے معیارات کی بنیاد پر یہ سروے کیا ہے جسے آئوٹ لک ویب سائٹ https://magazine.outlookindia.com/ پر حال ہی میں جاری کیا گیا۔یوجی سی کے مطابق ہندوستان میں اس وقت 54 مرکزی یونیورسٹیاں ہیں۔ یونیورسٹی گرانٹس کمیشن کی ویب سائٹ پر فی الحال سنسکرت کی تین، ہندی کی ایک اور انگریزی و بیرونی السنہ کی ایک مرکزی جامعات کے نام موجود ہیں۔پروفیسر ایس ایم رحمت اللہ، وائس چانسلر انچارج نے اس کامیابی پر طلبہ، اساتذہ اور مانو برادری کے تمام ارکان کو مبارکباد دیتے ہوئے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اس اعزاز نے مانو کے تئیں ہماری ذمہ داری مزید بڑھادی ہے۔ مانو کی جانب سے مسلسل دوسرے برس ملک گیر سطح پر عمدہ رینکنگ کا حصول اعلیٰ سطح پر اردو ذریعہ تعلیم کی کامیابی کے تعلق سے تمام شکوک و شبہات کا ازالہ کرتا ہے۔ پروفیسر صدیقی محمد محمود، رجسٹرار انچارج نے اس کامیابی کے لیے طلبہ ، ریسرچ اسکالرس ، اساتذہ، عہدیداوں اور غیر تدریسی عملے کو مبارکباددی۔