موسم بدلا پر رنگہ مسجد حول میں ناقص بجلی سپلائی جوں کی توں

سرینگر//موسم میں بھلے ہی تبدیلی آئی ہے لیکن رنگہ مسجد حول کے لوگوں کیلئے بجلی سپلائی میں کوئی بہتری نہیں آئی ہے جس کا خمیازہ صارفین کو بھگتنا پڑرہا ہے۔ رنگہ مسجد حول اور جڈی بل کے شہریوں نے کشمیرعظمیٰ کوبتایا کہ مذکورہ علاقوں کو مغل مسجد حول رسیونگ سٹیشن کے فیڈر نمبر3سے برقی رو فراہم کی جاتی ہے اور کئی ہفتوں سے تکنیکی خرابی ہونے سے بجلی سپلائی آدھے گھنٹے کے بعد کئی گھنٹوں تک منقطع رہتی ہے۔ لوگوں کاکہنا ہے کہ بجلی سپلائی کی آنکھ مچولی سے وہ تنگ آگئے ہیں اور اس پر طرہ یہ کہ کبھی کبھار وولٹیج اس قدر کم ہوتا ہے کہ موم بتی روشن کرکے بلب کو ڈھونڈنا پڑتا ہے۔ سماجی کارکن فرہان کتاب نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ’رنگہ مسجد حول اور اس سے ملحقہ علاقہ جڈی بل کو ناقص اور کم ولٹیج بجلی سپلائی فراہم کی جاتی ہے جو سردیوں کے ایام سے لیکر اب تک مسلسل جاری ہے‘۔ مذکورہ شہری نے کہاکہ متعدد بار متعلہ محکمہ کے اعلی حکام سے فریاد کی تھی کہ فیڈر نمبر 3خراب ہے اور علاقوں کو دوسرے فیڈر سے برقی رو فراہم کی جائے لیکن مہینے گزرجانے کے بعد بھی عوام کو راحت نہیں پہنچائی جارہی ہے جس کے نتیجہ میں صارفین کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑہاہے۔ انہوں نے ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ فیڈر کو درست کیا جائے ۔