سرینگر // سوموارکی شام سے شہر سرینگر سمیت وادی بھر میں ہلکی بارشوں اوربرف باری کاسلسلہ شروع ہوا،جس میں دوران شب شدت بھی آئی لیکن مجموعی طور پر میدانی علاقوں میں زیادہ تر بارشیں ہوئیں۔منگل کی صبح گلمرگ، پہلگام، سو نہ مرگ، یوس مرگ اور کوکرناگ کے علاوہ گریز ،تلیل ،رازدان ٹاپ اورشمالی کشمیر کے دیگر کئی علاقوںمیں 4انچ سے2 فٹ تک برف جمع ہوئی تھی ۔ محکمہ موسمیات نے موجودہ موسمی صورتحال کے پیش نظر اورینج الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا کہ وادی میں منگل ابدھ کی درمیانی شب موسمی صورتحال شدت اختیار کرسکتی ہے اور اس بات امکان ہے کہ دوران شب وادی کے میدانی علاقوں میں بھی بھاری برفباری متوقع ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 5اور 6جنوری کی درمیانی شب سے برف و باراں کی شدت میں بتدریج کمی آئے گی تاہم 6اور 7جنوری کو کچھ مقامات پر بارشیں اور برفباری کا امکان ہے لیکن 8جنوری کو ایک بار پھر بھاری برفباری کے امکان کو رد نہیں کیا جاسکتا۔
اضلاع کی صورتحال
گاندربل سے ارشاد احمد کے مطابق گاندربل ٹائون اور اُس سے ملحقہ دیہات شالہ بگ،ژھندنہ،تولہ مولہ، صفاپورہ ،لار،چونٹھ ولی وار ،گوٹلی باغ سمیت دیگر علاقوں میں 2 سے 3انچ برفباری ہوئی ۔اندرونی رابطہ سڑکوں پر پھسلن کی وجہ گاڑیوں کی نقل و حرکت متاثر ہوئی۔کنگن سے نامہ نگار غلام نبی رینہ کے مطابق کنگن ،گنہ ون، گنڈ ،کلن ،گگن گیر، سونہ مرگ اور زوجیلا میں برفباری کا سلسلہ جاری رہا۔ گنڈ میں 4انچ ، کلن 4انچ ، گگن گیر 5انچ ،سونہ مرگ6 انچ اورزوجیلامیں 1 فٹ برف ریکارڈ کی گئی ۔ ادھر دراس، پاندراس، مٹائین، گومری، منی مرگ اورکرگل میں بھی تازہ برفباری ہوئی۔ وسطی ضلع بڈگام میں بارشوں کا سلسلہ صبح سے ہی جاری تھا۔جبکہ کچھ مقامات پر ہلکی برفباری بھی ہوئی۔ تاہم ضلع کے ملحقہ علاقوں آری زال، چرار شریف، توسہ میدان، یوسمرگ میں 3انچ سے زائد برفباری ریکارڈ کی گئی ۔کپواڑہ سے اشرف چراغ کے مطابق ضلع کے بالائی اور میدانی علاقوں میں بھاری وہلکی برف باری کا سلسلہ جاری رہا۔ نستہ ژھن گلی پر 1 فٹ ، فرکیاں گلی پر1 فٹ برف جمع ہوئی جبکہ زیڈ گلی مژھل میں10 انچ جبکہ ضلع کے میدانی علاقوں میں 3 سے 6 انچ برف جمع ہوئی۔بارہمولہ سے فیاض بخاری کے مطابق ضلع میں منگل کو بھی دن میں وقفے وقفے سے برف باری اور بارشوں کا سلسلہ جاری رہاجبکہ سیاحتی مقام گلمرگ میں 1 فٹ،کنگڈوری اور افروٹ میں ڈیڑھ فٹ تازہ برف ریکارڈ کی گئی ۔ ٹنگمرگ، رفیع آباد، پٹن،سوپور، ناروائو اور اوڑی میں 2 سے 4انچ برف ریکارڈ کی گئی۔بانڈی پورہ ضلع کے بالائی علاقوں میں برف باری اور میدانی علاقوں میں بارشیں ہوئیں۔رازدان ٹاپ اور تلیل میں بھاری برفباری ہوئی ہے۔پلوامہ سے نمائندے سید اعجاز کے مطابق میدانی علاقوں میں بارشیںاوربالائی علاقوں میں 2سے4انچ برف باری ہوئی۔شاہد ٹاک کے مطابق شوپیان ٹائون میں قریب 2انچ برف ریکارڈ کی گئی جبکہ ہیرپورہ، دبجن، پیر کی گلی، سیدھو اور چھوٹی پورہ میں 4 انچ سے زیادہ برف پڑی۔ اننت ناگ سے عارف بلوچ کے مطابق دور دراز پہاڑی علاقوں پہلگام، سمتھن ٹاپ ،کپرن میں 2 سے 3 انچ برف پڑی جبکہ ضلع کے میدانی علاقوں میں دن بھر بارشوں کے ساتھ ساتھ ہلکی برف باری ہوئی ہے ۔جواہر ٹنل کے اِس طرف تقریباً 4 انچ برف ریکارڈ کی گئی۔خالد جاوید نے کولگام سے اطلاع دی ہے کہ کولگام کے میدانی علاقوں میں بارشیں ہوتی رہیں جبکہ بالائی علاقوں میں برف باری ہوئی ۔ انہوں نے کہا کہ دمحال ہانجی پورہ میں 2انچ، منزگام نور آباد میں 3انچ، وٹو ناسور میں 3انچ،دیوسر، کنڈ اور والٹینگو ناڑ میں قریب 4انچ برفباری ہوئی۔
محکمہ موسمیات
محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر سونم لوٹس نے منگل کے روز کہا کہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب سے شدت کے ساتھ برف باری کا امکان ہے اور آج بھی زیادہ تک موسم خراب ہی رہے گا۔لوٹس نے کہا کہ جمعرات سے جمعہ تک موسم خشک رہے گا اور جمعہ کی آدھی رات سے ہلکی برفباری اور بارش کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ ابھی تک وادی کے کسی بھی حصے میں شدید برف باری ریکارڈ نہیں کی گئی ۔ تاہم آدھی رات سے اس کی شدت میں اضافہ ہوگا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ اگلے ہفتے 9 جنوری سے زیادہ تر موسم بہتر ہو جائے گی۔
تودے آنے کی وارننگ جاری
متعلقہ محکمہ نے اورینج الرٹ بھی جاری کیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ بالائی علاقوں جہاں برفانی تودے گر آنے کے خطرات لاحق رہتے ہیں ۔ لوگوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ گھروں سے باہر نکلنے میں احتیاط کریں اور عوام الناس سے کمروں میں مناسب وینٹیلیشن رکھنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
محکمہ صحت کے افسران کو
اپنے مقامات پر موجود رہنے کی ہدایات
اشفاق سعید
سرینگر//ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر نے منگل کو وادی میں صحت کے افسران سے کہا کہ وہ اپنے متعلقہ تعیناتی کے مقامات پر کسی بھی صورتحال میں موجود رہیں۔اس سلسلے میں ایک سرکیولر میں متعلقہ چیف میڈیکل و بلاک میڈیکل آفیسرز اور میڈیکل سپر انٹنڈنٹس سے کہا گیا ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ خراب موسم کی وجہ سے ان کے متعلقہ دائرہ کار میں صحت کی دیکھ بھال کی سہولیات میں کوئی رکاوٹ نہ آئے۔حکم نامے میں محکمہ صحت کے افسران سے کہا گیا ہے کہ وہ صحت کی سہولیات کے ضروری انتظامات کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ ہسپتالوں کی طرف جانے والی سڑکیں برف سے صاف ہوں اور پھسلن سے نمٹنے کے لیے ایمبولینسوں کے ٹائروں کو زنجیریں لگائی جائیں۔
۔42پروازیںمنسوخ ، ٹرین سروس جاری
لداخ ، گریز ، مغل روڑ ،کرناہ اور سنتھن ٹاپ راستے بند
اشفاق سعید
سرینگر//وادی کے بیشتر حصوں میں تازہ برف باری کے باعث سرینگر بین الاقوامی ہوائی اڈے پر منگل کو 42پروازیں منسوخ ہوئیں۔ جبکہ صرف2پروازیں ہی شام کے وقت اڑان بھر سکیں۔ ہوائی اڈے کے ڈائریکٹر کلدیپ سنگھ نے بتایا کہ منگل کو موسم کی خرابی، حدنگاہ متاثر ہونے اور رن وے پر برف جمع ہونے کے نتیجے میں سرینگر آنے اور جانے والی 44 میں سے42پروازیں منسوخ ہوئیں ۔انہوں نے کہا کہ ایک بین الاقوامی پرواز سمیت باقی تمام پروازوں کی بحالی کا فیصلہ موسم کی صورتحال کے مطابق کیا جاتا ہے لیکن دن بھر موسم نے ساتھ نہیں دیا ۔ معلوم ہوا ہے کہ شام کے وقت صرف دو پروازیں ہی اڑان بھر سکی ہیں ۔پروازوں کی منسوخی کے نتیجے میں مسافروں کو دن بھر مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔معلوم ہواکہ منگل کے روز سینکڑوںکی تعدادمیں مسافر اپنے اپنے وقت پرائرپورٹ پہنچے لیکن پروازیں منسوخ ہونے کے بعداُنھیں نامراد ہوکرواپس لوٹنا پڑا۔اسی طرح کی صورتحال جموں ،نئی دہلی اوردیگرکچھ شہروںمیں واقع ہوائی اڈوں پر بھی دیکھی گئی ،جہاں بڑی تعدادمیں مسافر بشمول سیاح کشمیرآنے کیلئے پہنچے تھے ۔ برفباری کے باوجود جموں سرینگر شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت بغیر کسی خلل کے جاری رہی ۔ اس دوران ریلوے ائیریا منیجر نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ برف باری کے بیچ ٹرین سروس جاری رہی اور تمام ٹرینیں معمول کے مطابق چلتی رہیں ۔ادھربرف باری کے نتیجے میں کپواڑہ کی تمام سڑکیں بندہیں جبکہ گریز بانڈی پورہ ، سرینگر لداخ ،مغل روڑ ، سنتھن ٹاپ کی سڑکیں بھی بند ہیں چوکی بل کرناہ، میلیال کیرن، سرکلی مژھل اور جمہ گنڈ کی سڑکیں گاڑیوں کی آمد و رفت کیلئے بند ہیں جبکہ شوپیان سے شاہد ٹاک کے مطابق تازہ برف باری کے نتیجے میں مغل روڑ پر ایک بار پھر گاڑیوں کی آمد ورفت کیلئے بند ہو گئی کیونکہ شاہراہ پر بھاری پسیاں گر آئی ہیں ادھر رازدان ٹاپ پر تازہ برف باری کے بعد گزیز کو وادی سے ملنے والی واحد شاہراہ بھی گاڑیوں کی آمد ورفت کیلئے بند ہے ۔ اننت ناگ کو کشتواڑ سے ملنے والی سنتھن ٹاپ کو بھی احتیاطی طور پر گاڑیوں کی آمد ورفت کیلئے بند کیا گیا ہے ۔ادھر پھسلن اور تازہ برف باری کو دیکھتے ہوئے زوجیلا سڑک کو احتیاطی اقدام کے طور پر بند کر دیا گیا ہیتاہم سونہ مرگ تک ٹریفک کی نقل و حمل جاری ہے ۔
برف ہٹانے کیلئے 210سنو کٹر مشینیںتیار ،ہر ضلع میں کنٹرول روم قائم :چیف انجینئر
اشفاق سعید
سرینگر // محکمہ تعمیرات عامہ نے کہا ہے کہ وادی میں 210سنو کٹر مشینوں کو تیاری کی حالت میں رکھا گیا ہے اور محکمہ نے عملے اور انجینئروں کے نمبرات بھی ضلع انتظامیہ سمیت پبلک ڈومن میں رکھے ہیں تاکہ لوگوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ چیف انجینئر ایم ای ڈی کشمیر رشید احمد ڈار نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ محکمہ اکتوبر سے ہی تیاری کی حالت میں رہتا ہے اور موسمیات کی پیشگوئی کے عین مطابق تمام تیاریاں مکمل ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ تمام اضلاع میں کنٹرول روم قائم کئے گئے ہیں جبکہ گلمرگ ، پہلگام ، گریز ، ڈورو شاہ آباد ، دمحال ہانجی پورہ سمیت ایسے دیگر علاقوں میں اضافی کنٹرول روم بھی قائم ہیں جہاں زیادہ برف باری ہوتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ کے پاس فی الوقت 210سنو کٹر مشینیں ہیں۔چیف انجینئر نے مزید کہا کہ سوموار کی رات ہونے والی برف باری کے بعد گلمرگ ، ٹنگمرگ ،پہلگام ، ہیرپورہ ، سنگرونی پلوامہ ، کپوارہ، بابا ریشی، گریز ، ٹنگڈار اور دیگر پہاڑی علاقوں کی سڑکوں سے برف ہٹائی گئی ۔انہوں نے کہا کہ سوموار کو اگرچہ کافی کم برف باری ہوئی تب بھی 50سنو کٹر مشینوں کو کام پر لگایا گیا ۔انہوں نے کہا کہ برف ہٹانے کیلئے پہلے ہی ایک ایکشن پلان بنا ہوتا ہے، جس پر عملدر آمد کرنے کی کوشش ہوتی ہے۔