نئی دہل// وزیراعظم نریندر مودی نے انتہا پسندی کے مکمل خاتمہ کے لئے ذات پات اور فرقہ پرستی سمیت تمام اختلافات کو بھلاکر متحد ہونے کی اپیل کی ہے۔ مودی نے ماہانہ پروگرام ‘من کی بات’ میں کہا ہے کہ بھارت کی حفاظت کی خاطر اپنی جان کی قربانی انتہا پسندی کو مکمل طورپر تباہ کرنے کے لئے مسلسل حوصلہ افزائی کرے گی اور عہد کو مزید مضبوط کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ ملک کے سامنے آئے اس چیلنج کا سامنا ہم سب کو ذات پات ، فرقہ پرستی ، علاقائیت اور باقی تمام اختلافات کو بھلاکرکرنا ہے تاکہ انتہا پسندی کے خلاف ہمارے قدم پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط ہوں، طاقتور ہوں اور فیصلہ کن ہوں۔انہوں نے ملک کی نوجوان نسل سے اپیل کی کہ وہ پلوامہ حملہ میں جوانوں کی ہلاکت سے ملک کے شہریوں میں پیدا ہوئے جذبات کو جاننے ، سمجھنے اور زندگی میں لانے کی کوشش کریں۔ اس دہشت گردانہ حملے کے خلاف جو غصہ آپ کے اور میرے دل میں ہے ، وہی جذبہ ہر اہل وطن میں ہے اور انسانیت میں یقین رکھنے والے دنیا کی انسانیت پسند کمیونٹی میں ہے ۔دہشت گردوں اور ان کے مددگاروں کے مکمل خاتمہ کے لئے فوج کے عزم کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ حملے کے 100گھنٹے کے اندر ہی ملے نتائج اس کا ثبوت ہیں۔وزیر اعظم نے حب الوطنی اور قربانی کے جذبہ کو جاننے کے لئے تاریخ کے پرانے واقعات کی طرف جانے کے بجائے شہید خاندانوں کے جذبے کو جاننے اور سمجھنے کی نوجوان نسل سے اپیل کی۔انہوں نے کہا‘‘حب الوطنی کیا ہوتی ہے ، قربانی اورتپسیا کیا ہوتی ہے – اس کے لئے ہمیں تاریخ کے پرانے واقعات کی طرف جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی’’۔انہوں نے اس پروگرام کے ذریعے پلوامہ حملے کے شہیدوں کو خراج تحسین پیش کی۔