جنوری کے پہلے ہفتے تک علاج پر 1735کروڑ روپے خرچ: سنہا
سرینگر//لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ہفتہ کو کہا کہ انتظامیہ جموں و کشمیرمیں لوگوں کو معیاری، سستی اور قابل رسائی صحت کی دیکھ بھال کی خدمات فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے۔منوج سنہا نے پونچھ اور راجوری میں روٹری کلب کے زیر اہتمام صحت کیمپ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ صحت اسکیم کے تحت، انتظامیہ نے اس سال جنوری کے پہلے ہفتے تک شہریوں کے علاج پر مجموعی طور پر 1735کروڑ روپے خرچ کئے گئے ۔ انہوںنے سرحدی اضلاع میں ہفتہ بھر چلنے والے ہیلتھ کیمپ کے دوران جراحی کے علاج کے اختیارات کی مکمل رینج فراہم کرنے اور 600 سے زائد سرجری کرنے میں ملک کے مختلف حصوں سے تربیت یافتہ ماہرین کے تعاون کو سراہا، جس سے دور درازعلاقوں کے لوگوں کو فائدہ پہنچا۔
لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہانے اپنی انتظامیہ کی معیاری، سستی اور قابل رسائی صحت کی دیکھ بھال کی خدمات سب کو فراہم کرنے کے عزم کو دہراتے ہوئے کہاکہ وزیر اعظم نریندر مودی کی رہنمائی میں، ہم نے مرکز کے زیر انتظام علاقے میں صحت کے فرق کو ختم کرنے میں بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔سنہا نے کہاکہ ہم نے چار اہم پہلوؤں پر خصوصی توجہ مرکوز کی ہے ’ ڈاکٹر، ادویات، تشخیص اور ترسیل کے طریقہ کار‘۔انہوںنے صحت کے سکریٹری اور سینئر عہدیداروں کو ٹیلی ماناس (ٹیلی مینٹل ہیلتھ اسسٹنس اور ریاستوں میں نیٹ ورکنگ) جیسی سہولیات اور اسپتالوں اور صحت کے مراکز میں ڈاکٹروں کی دستیابی کے بارے میں بڑے پیمانے پر بیداری پھیلانے کی ہدایت کی۔لیفٹیننٹ گورنرکہا کہ ایمبولینس سروس کے فوری رسپانس کو یقینی بنانے کے لیے ادارہ جاتی طریقہ کارخاص طور پر دور دراز علاقوں میں وضع کیا جانا چاہیے،اس موقعہ پر انہوں نے کہا کہ یہ حقیقت ہے کہ جموں و کشمیر اور ملک بھر میں ڈاکٹروں کی کمی ہے لیکن انتظامیہ ڈاکٹروں کی خالی اسامیوں کو پر کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔سنہا نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میںجموں کشمیر میں سات نئے میڈیکل کالج ، دو ایمز اور دو کینسر انسٹی چیوٹ ملے ہیں ۔ سنہا نے کہا کہ محکمہ صحت میں کافی بہتری آئی ہے اور وزیر اعظم نریندر مودی نے اس میںنئی جان پھونک دی ہے۔اس موقع پر سیکرٹری ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ، ڈپٹی کمشنر راجوری ، ڈپٹی کمشنر پونچھ ، روٹری کلب کے ارکان ، پرنسپل جی ایم سی راجوری ، ایچ او ڈیز ، ڈاکٹرز ، نرسنگ سٹاف اور سینئر افسران موجود تھے ۔