مودی سرکار کا ملک کی تعمیر و ترقی میں اہم رول | بھاجپا کے یوم تاسیس پر ہندوارہ میں تقریب

اشرف چراغ

کپوارہ//شمالی ضلع کپوارہ کے ہانگاہ ماور میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے کارکنان نے پارٹی کے یوم تاسیس پر ایک کنونشن کا اہتمام کیا جس میں پارٹی کے نائب صدر ضلع جاوید قریشی ،سینئر لیڈر سریندر امباردار اور پارٹی کے ترجمان (جموں کشمیر) ابھیجیت جسروٹیا نے شرکت کی جبکہ پارٹی کارکنان کی ایک بڑی تعداد بھی موجودتھی ۔اس موقع پر جاوید قریشی نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی ہندوستان کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے اور جب 80کی دہائی میں پارٹی کا وجود عمل میں لایا گیا تب سے اس پارٹی نے ملک بھر میں لوگو ں کی نمائندگی کی اور آج یہ پارٹی لوگو ں میں مقبول عام ہے اور یہی وجہ ہے کہ لوگ جوق در جوق پارٹی میں شامل ہو رہے ہیں اور اس وقت ہندوستانی سیاسی منظر نامے میں ایک مضبوط مقام قائم کیا ہے ۔اس موقع پر ترجمان ابھیجیت جسروٹیا نے کہا کہ مودی سرکار نے ملک کی تعمیر وترقی میں ایک اہم سنگ میل طے کیا ۔انہو ں نے کہا کہ مودی سرکار کی اچھی حکومت سے لوگ پارٹی کے ساتھ جڑ جاتے ہیں جبکہ وزیر اعظم نریندر مودی نے ملک کی نشو ونما اور ترقی کو نئی سمت دی ۔انہو ں نے کہا کہ پارٹی کا قیام 6اپریل1980کو عمل میں لایا گیا جو ملک کی ایک مستحکم پارٹی بن گئی ۔انہو ں نے پارٹی کی کار کردگی کو بھی اجاگر کیا ۔جسروٹیا نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کو آئے روز عوامی حمایت حاصل ہو رہی ہے جبکہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی سرکار وہ واحد سرکار ہے جو جمو ں و کشمیر سمیت ملک کے کونے کونے میں لوگو ں کی فلاح و بہبود اور ترقی کے لئے پر عزم ہے ۔انہو ں نے پارٹی کارکنو ں پر زور دیا کہ وہ کپوارہ ضلع میں زیادہ محنت کریں اور بھارتیہ جنتا پارٹی کی عوام دوست پالیسی سے باخبر کریں ۔