سرینگر //نیشنل کانفرنس لیڈرسکینہ ایتو نے پی ڈی پی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری عوام کو موجودہ تباہ کن دور میںپہنچانے کیلئے پی ڈی پی ذمہ دار ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس جماعت نے اقتدار کی خاطر ریاست کا تشخص ختم کرنے کیلئے آر ایس ایس کے ساتھ ہاتھ ملا یا۔ سکینہ ایتو نور آباد میں کارکنوں اور عہدیداروں کے ایک اجلاس سے خطاب کررہی تھیں ۔انہوں نے کہا کہ محبوبہ مفتی کس منہ سے فورسز کی اضافی 100کمپنیوں کی تعیناتی پر تشویش کا اظہار کرتی ہے جبکہ اس جماعت نے ہی پختہ بنکر تعمیر کئے اوراسی جماعت کے بانی نے ہی فوج کو انتہائی سخت قوانین سے لیس کر کے ان کو تمام اختیارات سونپ دئے ۔ ایتو نے کہاکہ پی ڈی پی اپنے دور حکومت میں کہتی تھی کہ بھاجپااو ر پی ڈی پی کے درمیان جو ایجنڈا ہے وہ کشمیری عوام کی فلاح و بہبود اور مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اور حریت والوں کے ساتھ بات چیت شامل ہے لیکن آر ایس ایس نے اس جماعت کے ان دعوئوں پر بے نقاب کر دیا اور کہا کہ ایسا کوئی ایجنڈا نہیں ہے۔